بہاولپور(سٹی رپورٹر)پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے زیراہتمام آٹھویں اور پانچویں کے سالانہ امتحان 2016ء کے نتائج کی باقاعدہ تقریب گزشتہ روز گورنمنٹ ایس ڈی ہائی سکول میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی ای ڈی ا و ایجوکیشن بہاولپوربشیراحمدچوہدری تھے جبکہ اِس موقع پر سکولوں کے سربراہان، والدین اوربچے بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ای ڈی او نے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات میں شیلڈ اور ٹرافیا ں تقسیم کیں اور والدین و اساتذہ کومبارکباد پیش کی۔ فوکل پرسن پنجاب ایگزامینیشن ضلع بہاولپورراجہ مظہر حسین کے مطابق ضلع بہاولپور کے کل 27,480طلباء میں سے آٹھویں کے امتحان میں 19857پاس ہوئے اور کامیابی کا تناسب 72.26فیصد جبکہ پانچویں کے امتحان میں یہ تناسب 81.05فیصد رہا۔حاصل پور کے ایک نجی سکول کے طلحہ اقبال نے 485نمبرحاصل کرکے پہلی ،چھونا والا کے ایک نجی سکول کی آمنہ سروش نے 483نمبرحاصل کرکے دوسری جبکہ علیزہ آصف گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حاصل پور منڈی نے 481 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پانچوین میں حاصل پور کے ایک نجی سکول کی بختاوررحمان نے 487نمبر حاصل کرکے ضلع بہاولپور اور پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بہاولپور کے ایک نجی سکول کی دانیہ نعیم نے 475نمبرلیکر دوسری اورچھوناوالا کے ایک نجی سکول کی نورالنساء اور بہاولپور کے ایک نجی سکول کی عائشہ جمیل دونوں نے 473نمبرحاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔