• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز مسلسل پانچویں سال کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی قیادت کرینگے

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان اس سال پاکستان سپر لیگ میں دکھائی نہیں دیں گے۔ پشاور زلمی کی جانب سے گذشتہ سال مینٹور کی ذمے داریاں نبھانے والے یونس خان کی جگہ زلمی انتظامیہ نے جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ کومقرر کیا ہے۔دوسری جانب دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے اپنے کوچنگ اسٹاف کو برقرار رکھا ہے۔ معین خان ہیڈ کوچ اور عبدالرزاق بولنگ کوچ ہوں گے۔ کوئٹہ کے مینٹور سر ویوین رچرڈز 15 فروری کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔ سرفراز احمد مسلسل پانچویں سال کپتانی کرنے والے پی ایس ایل کے واحد کپتان ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان پی ایس ایل فائیو کے لئے دستیاب نہیں ہیں لیکن اس بارے میں یونس خان ردعمل کے لئے دستیاب نہیں ہوسکے۔ یونس خان نے چند ماہ قبل پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے سے انکار کیا تھا لیکن اب انہیں پشاور زلمی کے کوچنگ اسٹاف سے بھی الگ ہونا پڑا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاورکے منیجر اور سابق ٹیسٹ آف اسپنر ارشد خان بھی منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام نہیں دیں گے۔ ارشد خان اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیم ہیڈ کوچ اور قومی سلیکٹر ہیں اس لئے پی سی بی نے انہیں منیجر کی ذمے داری نبھانے کی اجازت نہیں دی ہے۔پشاور زلمی نے ابھی تک پی ایس ایل کے لئے کپتان کا اعلان بھی نہیں کیا ہے۔ پشاور کے گذشتہ چار ایڈیشن میں کپتان ڈیرن سیمی تھے۔ فرنچائز انتظامیہ نے ابھی تک انہیں بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔
تازہ ترین