• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور یونیورسٹی اور فارماسوٹیکل مینوفکچرنگ ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی اور خیبر پختونخوا فارماسوٹیکل مینوفکچرنگ ایسوسی ایشن کے درمیان مفاہمت کی یاداشت طے پا گئی جس کے تحت جامعہ پشاور کا شعبہ فارمیسی اور ایسوسی ایشن مشترکہ طور پر ادویہ ساز کمپنیوں کو ماہرانہ رائےدیں گے ، انٹرنشپ پروگرام مرتب کرنے کے علاوہ سیمینار ز منعقد کریں گے، جامعہ پشاور خیبر پختونخوا فارماسوٹیکل مینوفکچرنگ ایسوسی ایشن کو دو شفٹوں میں بالترتیب دو نشستیں برائے داخلہ اور ایسوسی ایشن جامعہ پشاور کے شعبہ فارمیسی کے تمام پانچ ڈگری پروفیشن پروگرامز کے ٹاپرز کو پانچ گولڈ میڈلز اور انفرادی10 ہزار روپے انعام دے گی جبکہ مشترکہ طور پر سیمینارز ، علمی نشستیں اور کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کے موقع پر منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان ، فوکل پرسن و شعبہ فارمیسی کے سربراہ پروفیسر جمشید علی خان ، میرٹوریس پروفیسر ظفر اقبال ، پروفیسر محمد اسماعیل اور خیبر پختونخوا فارماسوٹیکل مینوفکچرنگ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مقبول خان شریک ہوئے۔ وائس چانسلر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی رو سے صوبے کی30 سے زائد ادویہ ساز کمپنیاں جامعہ پشاور کے شعبہ فارمیسی کے فنی و سائنسی اور اپنے بچوں کیلئے تعلیمی خدمات کے حصول کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ایک بڑی متحرک و فعال صنعت کے طور پر ابھر سکتی ہیں جس سے جامعہ پشاور کی فیکلٹی کو تحقیق کے نئے مواقع بھی میسر آسکیں گے۔ انہوں نے مفاہمت کی یاداشت کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ معاہدہ سے دونوں فریقین تحقیقی و علمی سرگرمیوں کو پروان چڑھا ئیں گے ۔
تازہ ترین