راولپنڈی میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے کپتان اظہر علی اور بنگلا دیش کے کپتان مومن الحق کی موجودگی میں ٹرافی کی رونمائی ہوئی۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ہر میچ اہم ہے، کوشش ہو گی بطور کپتان پرفارمنس دوں اور جیت میں اہم کردار ادا کروں۔
اظہر علی نے کہا کہ کوشش ہو گی کراچی ٹیسٹ کے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتریں کیونکہ راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ نتیجہ خیز ثابت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہ رہے ہیں کہ ہمارے پاس فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر ہو، کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان میں ایسے کمبی نیشن کے ساتھ کھیلیں جسے باہر بھی کھلایا جا سکے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم اپنے گھر میں ٹیسٹ میچ جیتے ہیں،کوشش ہو گی کہ آنے والا ٹیسٹ بھی جیتیں، ہماری کوشش ہے کہ ہمارے فاسٹ بولرز ہمیں ٹیسٹ میچ جتوائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دو میچوں پر مشتمل آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ کل سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔