کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی ہدایت پربی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے جمعرات کو نوا کلی میں مختلف بیکریز اور بیکنگ پلانٹس کا معائنہ کیا پروڈکشن کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز سرفراز مغل کی سربراہی میں معائنہ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پروڈکشن یونٹس میں صفائی کی ناقص صورتحال و زنگ آلود مشینری، پروڈکشن میں غیر معیاری اجزاء کے استعمال،حشرات کی موجودگی، ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور مجموعی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کے برخلاف اشیاء کی تیاری و فروخت پر تین بیکنگ پلانٹس کوسیل کر دیا۔علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی حکام نے کارروائی کے دوران دیگر متعدد بیکنگ یونٹس و بیکرز کا بھی معائنہ کیا اور اشیاء خورد ونوش کے معیار کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران مختلف مراکز کے مالکان و عملے کو عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ اس حوالے سے انہیں خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کیے گئے۔