• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس بات سے انکار ممکن نہیں کہ گھر میں ہمیں ہمیشہ ہی اضافی جگہ کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ اگر بات کریں کسی ایسے گھر کی جسے آپ خریدنے جارہے ہوں یا پھر تعمیر کروانے کا ارادہ رکھتے ہوں تو پہلا خیال جو دماغ میں آتا ہے وہ یہ کہ گھرکا سامان کہاں رکھا جائے گا۔ کم رقبے پر تعمیر کیے گئے گھروں میں اسٹوریج کی اہمیت مزید دگنی ہوجاتی ہے۔ آئیے آج کی تحریر کے ذریعے ہم ان اسٹوریج آئیڈیاز پر بات کرتے ہیں جو گھر کی تعمیر یا تعمیر نو میں لازمی تصور کیے جاتے ہیں ۔

بلٹ اِن اسٹوریج

تعمیراتی ماہرین گھریلو سامان کو محفوظ رکھنےکا ایک حل بلٹ اِن اسٹوریج بتاتے ہیں۔ یہ نہ صرف کارآمد ہے بلکہ آنے والے برسوں کا ایک مقبول ٹرینڈ بھی ہے ۔ دوران تعمیر بلٹ اِن اسٹوریج کے لیے مختلف قسم کے آئیڈیاز پر کام کیا جاسکتا ہے مثلاً بلٹ اِن بک کیسز، شیلف، ماسٹربیڈروم فٹڈ کلوزٹ، پینٹری، گیراج ٹول اسٹوریج وغیرہ۔ 

بلٹ اِن اسٹوریج کا اہم فائدہ جگہ کا بہترین استعمال اور منظم ترتیب ہے۔ بلٹ اِن وارڈروب ہوں یا بلٹ اِن یونٹ، یہ دونوں ہی گھر کے ہر حصے میں زیادہ اشیا محفوظ کر نے کا سب سے آسان طریقہ تصور کیے جاتے ہیں، لہٰذا دوران تعمیر ہی ان یونٹس کی تعمیر پر غور فائدے مند ثابت ہوگا۔

بلٹ اِن وارڈروب: مناسب الماری کی تلاش ایک مشکل امر ہے، اگر یہ بڑی خریدلی جائےتو کمرے کا زیادہ حصہ گھر جاتا ہےاور اگر چھوٹی خریدی جائے تو کپڑوں کو رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ماہرین تعمیر ات دیوارمیں الماری بنانے پر زور دیتے ہیں۔ بلٹ اِن وارڈروب حجم میں بڑی ہونے کے باعث عام الماریوں سے3گنا زیادہ اسٹوریج فراہم کرتی ہے۔ 

اسے دو حصوں میں بھی تعمیر کروایاجاسکتا ہے۔ پہلے کمرے کی لمبائی اور چوڑائی کو مدنظر رکھتے ہوئے دیوار میں عام الماری کے سائز کی الماری بنوائی جاتی ہے اور اس کے بعد اوپری حصے کو بھی کام میں لاتے ہوئے وہاں کیبنٹس کی طرز پر کم خانوں والی چھوٹی الماری بنوادی جاتی ہے۔

بلٹ اِن یونٹ: دوران تعمیراسٹوریج کی جگہ بڑھانے کے لیےوارڈروب کی طرح بلٹ اِن یونٹ کی تعمیر پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔ یہ یونٹ الماریوں کے برعکس کسی چوڑی دیوار کے بجائےکم جگہ پر بھی تعمیر کروائے جاسکتے ہیں مثلاً کتابوں کے شوقین افراد گھر کے مختلف حصوں میں لائبریری یونٹ تعمیر کرواسکتے ہیں۔ بلٹ اِن یونٹ کو فرش سے چھت تک یا پھر اوپری یا نچلی دونوں سطح میں سے کسی ایک پر بنوایا جاسکتا ہے۔ بلٹ اِ ن یونٹ اسٹڈی روم یا لائبریری کے علاوہ بالکنی یا پھر گھر کی اینٹرنس میںبھی تعمیر کروائے جاسکتے ہیں۔

تعمیر کے بعد اسٹوریج میں اضافہ

اسٹوریج میں اضافے کے لیے ایسے آئیڈیاز بھی شامل ہیں جن کے پیش نظر ایک تعمیر شدہ گھر میں خالی جگہوں کو فعال بنایا جاتا ہے۔ ان میں فرنیچر کیبنٹس، الماری اور باسکٹ وغیرہ شامل ہوسکتے ہیں۔ ان آئیڈیاز کو تعمیراتی ماہرین کی مدد سے تعمیر بھی کروایا جاسکتا ہے یا دوسری صورت میں مارکیٹ سے بنے بنائے کیبنٹس اور الماری خرید کر گھر کی مختلف جگہوں پر نصب بھی کروائے جاسکتے ہیں۔ لیکن جو خوبصورتی اپنی مرضی اور پسند کے مطابق اسٹوریج ایریا بنوانے میں آتی ہے، وہ مارکیٹ سے ریڈی میڈ شیلف خرید کر نصب کروانے میں نہیں آتی۔ اس حوالے سے چند خوبصورت آئیڈیاز ذیل میں درج ہیں۔

اسٹیئرکیس اسٹوریج

گھرمیں کئی جگہیں ایسی ہوتی ہیں، جن پر تھوڑی سی توجہ ایک طرف گھر کو نیا اسٹائل دے سکتی ہے تو دوسری جانب اسٹوریج ایریا میں اضافہ کرسکتی ہے ۔ زیادہ تر گھروں میں سیڑھی کے نچلے حصے میں بہت سی جگہ خالی رہتی ہے، لہٰذا یہاںاپنی مرضی کے مطابق اشیا رکھنے کی جگہ بنانا ایک بہترین آئیڈیا ثابت ہوسکتا ہے۔ سیڑھی کے نچلی حصے کی چوڑائی اور لمبائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہاں لکڑی کا بُک شیلف یاشوپیس شیلف تعمیر کروادیں، ایسا کرنے سے زینے کے نیچے کی جگہ بےترتیبی اور خالی پن سے محفوظ رہے گی۔

لاؤنج یا بیسمنٹ اسٹوریج

بیسمنٹ میں بھی اسٹوریج ایریا بنایا جاسکتا ہے۔ بیسمنٹ کی دیواروں پر خوبصورت اسٹائل میں شیلف کی تعمیر کروالیں،جو نہ صرف آپ کو اسٹوریج کی جگہ فراہم کرے گا تو دوسری جانب بیسمنٹ کو بھی ایک نیا لک دے گا۔ واضح رہے کہ کھلے شیلف بند ہونے والے شیلف سے کم جگہ لیتے ہیں مگر ان کی صفائی کی ضرورت زیادہ رہتی ہے۔

کچن اسٹوریج

عام سے کچن میں بھی تھوڑی سی سمجھ بوجھ آپ کو زیادہ سے زیادہ اسٹوریج فراہم کرسکتی ہے مثلاً:

٭کچن کیبنٹس کے لیے بھی بلٹ اِن وارڈروب بنوانے پر غور کریں کیونکہ ان میں عام کیبنٹ کے بجائے کافی گنجائش ہوتی ہے۔ آپ اس میں تمام قسم کے سامان اور برتن رکھ سکتے ہیں۔ کچن میں اگر سلائیڈنگ دروازے ہوں تو اضافی جگہ نہیں لیتے، جب وہ بند ہوجاتے ہیں، تو کچن صاف اور منظم لگتا ہے۔

٭ کچن میں سلائیڈ ریک بھی لگوائی جاسکتی ہے۔ جب ضرورت ہو تو اسے باہر کھینچیں اور جب باورچی خانے میں کام مکمل ہوجائے تو اسے واپس سلائیڈ کرکے اندر کردیں۔

٭ چھوٹے گھروں میں چولہوں کے کاؤنٹر کا استعمال دہرے مقاصد کیلئے کیا جاسکتا ہے، کچھ خاص قسم کی لکڑی کی بنی ہوئی شیلفس کا چولہوں کے گرد اضافہ کرکے انہیں ڈائننگ ٹیبل یا کاؤنٹر کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین