• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منسا ملک مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں: علیزے شاہ

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

اداکارہ علیزے شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ منسا ملک مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں۔

اداکارہ علیزے شاہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئیں، جس کی وجہ اپنی سابقہ ساتھی اداکارہ منسا ملک کے ساتھ ہونے والے جھگڑے اور مبینہ دھمکیاں ہیں۔

انہوں نے منسا ملک پر سنگین الزامات عائد کیے اور سینئر گلوکارہ شازیہ منظور کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

علیزے شاہ نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ منسا ملک انہیں نامعلوم نمبروں سے کال کر کے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں۔

 اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا، ’وہ مجھے انجان نمبروں سے کال کر رہی ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہی ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو جان لو یہ اسی کا کام ہوگا، 3 سال پہلے بھی اسی عورت نے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی تھی، میں نے آج تک جو کمایا وہ عزت اور حلال طریقے سے کمایا، مگر جو حرام کھاتے ہیں، انہیں نہ خدا کا خوف ہوتا ہے نہ انجام کا۔‘

علیزے کے مطابق منسا ملک نے دبئی میں موجود ایک شخص کو انکا نمبر دیا جس نے رابطہ کر کے ناقابلِ قبول پیشکش کی۔ علیزے نے ان میسجز کے اسکرین شاٹس بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔

علیزے شاہ نے حالیہ دنوں میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ منسا ملک کو اس وقت تک معاف نہیں کریں گی جب تک وہ اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتی، انہوں نے اپنے فالوورز سے اپیل کی کہ وہ منسا ملک کو سوشل میڈیا پر ٹرول کرتے رہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اس کے کمنٹ سیکشن میں ہزاروں لوگ اسے کچھ نہ کچھ کہہ رہے ہیں مگر یہ اپنی غلطی نہیں مانتی، بعض لوگ اتنے بےشرم ہوتے ہیں کہ کبھی اپنی غلطی کا اعتراف نہیں کرتے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پچھلی بار اس نے میرے خلاف کیس کیا، پھر دوسروں کے ذریعے مجھے چپ کروانے کی کوشش کی، اب میں چاہتی ہوں کہ یہ معافی مانگے اور یاد رکھو، اگر کوئی تم پر ہاتھ اٹھائے تو چپل سے جواب دو۔ 

دوسری جانب گلوکارہ شازیہ منظور نے علیزے شاہ کے رویے پر تنقیدی تبصرہ کرتے ہوئے ایک پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ کم ترین علم وہ ہے جو زبان پر رہے اور بلند ترین علم وہ ہے جو کردار سے ظاہر ہو۔

جس پر علیزے شاہ نے جواب دیا کہ پوری دنیا کے سامنے ہراساں کر کے آنٹی کردار کی بات کر رہی ہیں۔

یاد رہے کہ علیزے شاہ اور منسا ملک کے درمیان ایک ڈرامہ کے سیٹ پر جھگڑا ہوا تھا، اطلاعات کے مطابق شوٹنگ کے دوران منسا ملک نے علیزے کو دھکا دیا اور تھپڑ مارا، جس پر علیزے نے اپنی چپل پھینک کر جواب دیا، اس واقعے کی تصدیق اداکار سمیع خان نے بھی کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید