• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبڈی ورلڈ کپ: پاکستان کی20 رکنی ٹیم کا اعلان


کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے لیے پاکستان کی 20 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ، جبکہ غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے ۔ کبڈی ورلڈ کپ 9 فروری سے لاہور میں شروع ہو گا۔

پاکستان کبڈی ٹیم کی ورلڈ کپ کے لیے تیاریوں کا سلسلہ پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ کے لیے پاکستان کبڈی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

20 رکنی ٹیم کی قیادت محمد عرفان کریں گے جبکہ شفیق احمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

میگا ایونٹ میں حریف ٹیموں کو مات دینے کے لیے پاکستان کے پہلوانوں کی مشقیں پنجاب اسٹیڈیم میں جاری ہیں۔ پہلوانوں کا کہنا ہے کہ تربیتی کیمپ میں بھرپور تیاری کی ہے۔ اصل مقابلہ تو بھارت سے ہے لیکن دوسری ٹیموں کو بھی آسان نہیں لے رہے۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں 9 غیر ملکی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ان میں بھارت بھی شامل ہے۔ پہلی مرتبہ کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی اعزازکی بات ہے۔

دوسری جانب ایونٹ میں شرکت کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جرمنی ، ایران اور آذربائیجان کی ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں۔

ٹیموں کی لاہور آمد پر اسپورٹس بورڈ پنجاب کے نمائندوں نے ایئرپورٹ پر اُن کا استقبال کیا۔

غیر ملکی کھلاڑیوں نے میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آمد کو خوشگوار تجربہ قرار دیا ہے۔

تازہ ترین