• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر و روہڑی، کوچز کی تیز رفتاری و پریشر ہارن عوام کیلئے مشکلات کا سبب، حادثات معمول

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر وروہڑی کے درمیان چلنے والی مقامی کوچ سروس کے ڈرائیورز کی تیز رفتاری، پریشر ہارن عوام کے لئے مشکلات کا باعث بنے ہوئے ہیں، آئے دن حادثات معمول بن گئے، قانون شکن ڈرائیورز کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہونے کے باعث سکھر اور روہڑی کے شہری مشکلات سے دوچار ہیں، دن کے وقت اسکولوں کے سامنے کھڑے ہو کر پریشر ہارن کے باعث بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ سٹی کوچ کے ڈرائیور اسپتالوں اور مساجد کے باہر بھی پریشر ہارن بجانے سے باز نہیں آتے، سکھربس ٹرمینل سے روہڑی ریلوے اسٹیشن تک چلنے والی مقامی کوچ سروس کے ڈرائیور گاڑیوں میں سواریاں بٹھانے کی لالچ میں ایک دوسرے کو کراس کرتے ہوئے حد سے تجاوز کرجاتے ہیں جس کے باعث اکثر حادثات کے ساتھ ان سٹی کوچ کے روٹس پر لوگ خاص طور پر پیدل چلنے والے، موٹر سائیکل اور سائیکل سوار افراد خوف میں مبتلا رہتے ہیں، مقامی کوچ سروس کا سکھر اور روہڑی کے درمیان سفر کا دورانیہ تقریباً10 کلو میٹر سے زائد ہے اس دوران شہر کی اہم شاہراہوں شکارپور روڈ، ملٹری روڈ، گردوارہ چوک ، اسٹیشن روڈ ، مینارہ روڈ سمیت ان کی گزرگاہوں میں دیگر ایسی شاہراہیں آتی ہیں جہاں پر ٹریفک زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والے افراد کی تعداد بھی بہت زیادہ ہوتی ہے، ان شاہراہوں پر مقامی کوچ سروس کی زد میں آکر متعدد سائیکل، موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے حادثات کا شکار ہوتے ہیں، ان حادثات میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ مسافر بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز تمام راستے پریشر ہارن کا استعمال کرتے ہیں ،انہیں راستے میں آنے والی مساجد، تعلیمی اداروں ، اسپتال کی بھی کوئی پرواہ نہیں ہوتی کہ ان کے پریشر ہارن کے باعث لوگوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شہریوں نے کمشنر سکھر، ایس ایس پی سکھر، میئر سکھر ودیگر بالا حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کی مقامی کوچ سروس کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں خاص طور پر اس کوچ سروس کی برق رفتاری کو روکنے اور غیر متعلقہ اسٹاپ ختم کرنے اور پریشر ہارن اتارنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین