بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے اوپنر تمیم اقبال کہتے ہیں کہ جب نسیم شاہ ہیٹ ٹرک گیند کر رہے تھے، محمد اللّٰہ کا اس گیند پر شارٹ سلیکشن درست نہیں تھا۔
بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں 6 چوکوں کے ساتھ 34 رنز کی اننگز کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے کسی طور بھی پریشانی کا باعث نہیں تھی، البتہ ہم مانتے ہیں کہ ہم سے کوتاہیاں ہوئیں، جس کے سبب آج ہم مشکل صورتحال کا شکار ہیں۔
تمیم بولے تیسری وکٹ پر مؤمن اور نجم کے مابین 71 رنز کی شراکت نے ہماری پوزیشن کو خاصاً مستحکم کر دیا تھا، البتہ صرف تین گیندوں نے ہمارے لیے سب کچھ بدل دیا ہے۔
چٹاگانگ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کے پاس تجربہ نہیں، انھوں نے کہا کہ میں خود محمد اللّٰہ، کپتان مؤمن الحق اس ٹیم کے سنئیر کرکٹرز ہیں، اصل مسئلہ ہمارے لیے مثبت اور اچھے کھیل کا آغاز کا رہا ہے۔
انھوں نے تسلیم کیا کہ آئیڈیل تو یہ ہوتا کہ ہم ایک ہفتے پہلے آتے، سائیڈ میچ کھیلتے دو چار دن پریکٹس کرتے، تاہم اس دورے میں ہمیں ایسا کچھ نہیں ملا، اور سب جانتے ہیں کہ یہ دورہ آخری لمحات میں طے ہوا۔