امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی تقاریر بے اثر ہوچکی ہیں۔
سابق نائب امیر جماعت اسلامی سندھ شہید عظیم بلوچ کے تعزیتی اجلاس سے خطاب میں سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے وعدہ کیا تھا ایسا نظام بنائیں گے لوگ قطار میں لگ کر ٹیکس دیں گے، لیکن ایک کلو آٹے کے لئے لوگ لائن میں لگے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آٹا چور وزیر اعظم کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں، موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتی۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہاکہ ملک دلدل میں موجود ہے، لوگ عزت سے جینے سے محروم ہیں عوام کو میٹھا زہر کھلا کر آئی ایم ایف کے ہاتھوں مارا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں کشمیر کی جدوجہد کو سبوتاژ کیا گیا۔
سراج الحق نے یہ بھی کہاکہ آئی جی سندھ کی ذات پر وفاقی و صوبائی حکومت سیاست کررہی ہے، جو حکومت ایک افسر کا تعین نہیں کرسکتی وہ قوم کو منجدھار سے نہیں نکال سکتی۔