• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے روایتی کھیل کبڈی ورلڈ کپ 2020 کا میلہ سج گیا

پنجاب کے روایتی کھیل کبڈی ورلڈ کپ 2020 کا میلہ سج گیا 


لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب کے روایتی کھیل کبڈی ورلڈ کپ 2020 کا میلہ سج گیا۔ کبڈی دنگل کی افتتاحی تقریب کا آغاز گذشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کبڈی ورلڈ کپ 2020 کا افتتاح کیا۔

ایونٹ میں شریک ٹیموں نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا،جبکہ فضا میں رنگ برنگے غبارے چھوڑے گئے۔

پنجاب اسٹیڈیم میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور کبڈی کبڈی کی صدائیں گونجتی رہیں۔پولیس بینڈ کی دھنوں پر نغمے بجائے گئے جبکہ ملک کے معروف گلوکاروں اور لوک فنکاروں نے اپنے فن سے شائقین کو محظوظ کیا۔ 

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اوراسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ،صوبائی وزیر رائے تیمور حیدر، صدر کبڈی ایسوسی ایشن شافع چودھری سمیت صوبائی وزراء اوراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 

میزبان پاکستان اوربھارت سمیت 9 ملکوں کی ٹیمیں سٹیڈیم میں موجود تھیں جبکہ شائقین کیلئے بھی بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔ کبڈی دنگل کے لیے پنجاب سٹیڈیم کا کونہ کونہ چمکا دیا گیاتھا۔ 

کسی بھی ناخوشگوارواقع کے لیے سپورٹس کمپلیکس میں 10 بیڈز کا عارضی اسپتال بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات، سیف سٹیز کے کیمروں مدد سے سیکورٹی کی کڑی نگرانی کی گئی۔ 

ورلڈ کپ کبڈی کا پہلا میچ پاکستان اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ کینیڈا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر دائیں سائیڈ کا انتخاب کیا۔پہلے دن دو مقابلے ہوئے۔ ورلڈکپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان ہوا۔ 

دوسرا مقابلہ ایران اور سرا لیون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔جبکہ کبڈی ورلڈ کپ کی سیکورٹی پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار تعینات کیےگئے تھے، پولیس کے مطابق کبڈی میچ کی سکیورٹی پر 8ایس پیز، 31ڈی ایس پیز،76انسپکٹرز اور367اَپر سب آرڈینیٹس نےفرائض سر انجام دئیے جبکہ میچ سے پہلے سٹیڈیم کے گرد سرچ آپریشن کر کے علاقے کو کلیئر قراردیا گیا۔

تازہ ترین