• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندائے کشمیر اسپین کے زیر اہتمام کشمیر ریلی کا انعقاد

ندائے کشمیر ایسوسی ایشن اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا کی معروف شاہراہ رامبلہ راوال پر کشمیری بھائیوں کے حقوق کے حصول اور آزادیِ کشمیر کے حق میں ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی لندن سے آئے لارڈ نزیر احمد تھے۔

ریلی کی قیادت قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے کی،جبکہ محمد اقبال چوہدری، راجہ مختار سونی، ملک محمد شریف، محترمہ ہما جمشید نے  بھی ریلی میں شرکت کی ، قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری اور لارڈ نزیر احمد نے ریلی سے خطاب بھی کیا۔

ریلی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت الحاج قاری چوہدری عبدالرحمان نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ حاجی احمد نے پڑھی۔

ریلی کے  مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر میں اگر امن قائم نہ ہوا تو برصغیر میں امن کا قیام بھی ناممکن ہے، انہوں نے کہا کہ مودی نے نہ صرف کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کیا ہے بلکہ بھارت کو بھی ٹکڑے ٹکڑے کرنے کا جو منصوبہ بنایا ہے اُس کے بارے میں اب بھارت میں رہنے والوں کو بھی پتا چل چکا ہے، مودی کو اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس جو آخری کارڈ تھا وہ اس نے کشمیر کی آئینی حقیقت ختم کرنے کی چال چل کر ختم کر لیا ہے، کشمیریوں کی آزادی کا سورج اب طلوع ہونے کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں جانوں کا نذرانہ، سیکڑوں عزتوں کی پامالی، نوجوانوں کو پابند سلاسل کیا جانا اور کشمیر  کے بہت سے افراد کا غائب ہونا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ کشمیری نہ گھبرائے ہیں اور نہ ہی کبھی گھبرائیں گے وہ اپنی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے حکومت پاکستان کا کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی تک اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی، ثقافتی اور اخلاقی امداد جاری رکھے گی۔

تقاریر کے دوران ریلی کے شرکا مودی حکومت دہشت گرد، مودی ٹھاہ، لے کر رہیں گے آزادی، کے نعرے لگاتے رہے، ریلی میں پاکستان مسلم لیگ ن اسپین، پیپلز پارٹی اسپین، تحریک انصاف اسپین اور دوسری مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی نمائندگی بھی موجود تھی۔

اس موقع پر لارڈ نزیر احمد نے کہا کہ قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری اور ندائے کشمیر ایسوسی ایشن اسپین کے صدر راجہ مختار سونی نے جس طرح کشمیر کاز کو اسپین کے ایوانوں میں اجاگر کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

حاجی ا سد حسین، راجہ نامدار اقبال خان، ایاز عباسی، راجہ شفیق کیانی، چوہدری گلریز بوگا، امتیاز آکیہ، ظفر پہلوان، راجو الیگزینڈر، عزیز آف منڈیر، راشد محمود، ساجد گوندل، سلیم لنگڑیال، کلیم الدین وڑائچ، جاوید مغل، چوہدری محمد سرور اور دوسرے معززین نے احتجاجی ریلی میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

ریلی کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور اُمت مسلمہ کے اتفاق و اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

تازہ ترین