• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان ’کیارا ‘سے شمالی یورپ میں تباہی ،7افرادہلاک

شمالی یورپ میں سمندری طوفان ’کیارا ‘سے تباہی کے مناظر


سمندری طوفان ’کیارا‘ نےشمالی یورپ میں تباہی مچادی، طوفانی ہواؤں اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 7افراد ہلاک ہو گئے۔

طوفان نے برطانیہ،پولینڈ، سلوینیا،سوئیڈن ،فرانس،جرمنی ،بیلجیم اورسوئٹزرلینڈ کو بھی اپنی گرفت میں لے رکھا ہے،تیز ہوائوں اور برف کے باعث اکثر مقامات پر نظام زندگی معطل ہوگیا ہے ۔

برطانیہ کے شمالی علاقوں میں 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے متعددرخت جڑوں سے اُکھاڑ دیے جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت بند ہوگئی۔

کار لائل کے نزدیک سیلاب کے باعث انگلینڈ جانے والی ٹرینوں میں بھی رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔

تیز ہوا کے باعث کئی مقامات پر بڑی گاڑیوں کے لیے پل بند کردیے گئے ہیں اور فیری سروس معطل ہوگئی ہے۔

ایم75پر لارک ہال کے نزدیک کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی اور کچھ دیر کے لیے موٹر وے کو بند کردیا گیا جبکہ 200 سے زیادہ پروازیں منسوخ اور سیکڑوں ملتوی کردی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بحراوقیانوس میں اٹھنے والا سمندری طوفان کیارا برطانوی ساحل سے ٹکرا گیا تھاجس کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور ٹرانسپورٹ کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔

طوفان کی وجہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف حادثات میں7افرادہلاک ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے پیلو وارننگ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو دنوں میں60میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور8انچ برف گرنے کا امکان ہے، لہٰذا عوام سفر کے سلسلہ میں احتیاط کریں۔

برطانیہ کا شمال مغربی علاقہ طوفان سے شدید متاثر ہوا ہے، سیلفورڈ، بولٹن، راچڈیل، اولڈہم کے کئی علاقوں میں سڑکیں سیلاب کے باعث بند کردی گئی ہیں جب کہ ایم سکسٹی مڈلٹن جنکشن سیلاب کے باعث ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

موسلا دھار بارشوں کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا بھی سامنا ہے اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جب کہ بہت بڑی آبادی کو بجلی کی عدم فراہمی کے خدشے کا سامنا ہے۔

تازہ ترین