• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کیارا‘ سے برطانیہ کے مختلف علاقوں میں تباہی

سمندری طوفان ’کیارا‘ نے برطانیہ کے مختلف علاقوں میں خوفناک تباہی مچا دی


بحراوقیانوس میں اٹھنے والے سمندری طوفان ’کیارا‘ نے برطانیہ کے مختلف علاقوں میں خوفناک تباہی مچا دی، اونچی لہروں کےسبب کئی ساحلی علاقوں سے لوگوں کا انخلا، 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آئی آندھی سےدرخت گرگئے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق آندھی سے مکانوں، ہوٹلوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ گاڑیوں کو حادثات بھی پیش آئے ہیں، بعض علاقوں کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق 214 فلڈوارننگ اور177 الرٹ جاری کیے گئے ، پروازیں اورٹرین سروس تاخیر کا شکارہے ۔

دوسری جانب طوفان کی شدت سےجرمنی اور فرانس میں بھی پروازوں اورٹرینوں کاشیڈول متاثر ہے، جبکہ آج سے برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اس سے قبل دبئی ائیرپورٹ سے بھی یورپ اور برطانیہ کے لیے کئی پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔

خراب موسم کے باعث شمالی انگلینڈ میں 140 سے زائڈ ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں جب کہ ٹرینوں کی رفتار میں غیر معمولی کمی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے اور حکام کی جانب سے عوام اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتہائی ضرورت پڑنے پر ریل کا سفر کریں۔

واضح رہے کہ برطانیہ کا شمال مغربی علاقہ طوفان سے شدید متاثر ہوا ہے، سیلفورڈ، بولٹن، راچڈیل، اولڈہم کے کئی علاقوں میں سڑکیں سیلاب کے باعث بند کردی گئی ہیں جب کہ ایم سکسٹی مڈلٹن جنکشن سیلاب کے باعث ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

موسلا دھار بارشوں کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا بھی سامنا ہے اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جب کہ بہت بڑی آبادی کو بجلی کی عدم فراہمی کے خدشے کا سامنا ہے۔

تازہ ترین