• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد سعید کے بلاول بھٹو پر جوابی وار، حادثاتی چیئرمین کہہ دیا

مراد سعید کے بلاول بھٹو پر جوابی وار، حادثاتی چیئرمین کہہ دیا


وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کیا حادثاتی طور پر چیئرمین بننے والا ہمیں جمہوریت سکھائے گا؟ ابو بچاؤ تحریک لے کر آنے والے ہم سے کیا بات کریں گے؟

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر جوابی وار کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ حادثاتی چیئرمین نے اسمبلی کے فلور پر غلیظ زبان استعمال کی۔

وفاقی وزیر کی تقریر شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان ایوان سے باہر چلے گئے، جس پر انہوں نے کہا کہ گھنٹوں کی تقریریں کرتے ہیں اور جب جواب کی باری آتی ہے تو بھاگ جاتے ہیں۔

مراد سعید نے مطالبہ کیا کہ آئندہ کے لیے فرزند زرداری سے حلف لیا جائے کہ وہ غیر پارلیمانی الفاظ استعمال نہیں کریں گے، اگر انہوں نے آئندہ بھی ایسی گفتگو کی تو انہیں بات نہیں کرنے دیں گے۔

وفاقی وزیرِ مواصلات نے مزید کہا کہ پرچی والا چیئرمین، آصف زرداری کا بیٹا ہمیں باتیں سنارہا ہے، اللّٰہ کی شان ہے، اللّٰہ کا شکر ہے کہ میں کسی پرچی پر نہیں اپنی محنت پر سیاست میں آیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تو سمجھا تھا کہ آج معیشت پر بحث ہوگی، چھوٹے وزیر کی بات کرنے والے جواب سنے بغیر چلے گئے، جانشین زرداری سے یہی سوال تھا کہ سندھ اور لاڑکانہ کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

مراد سعید نے یہ بھی کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملکی اداروں کو گروی رکھا ہوا تھا، جانشین زرداری کو وہی جواب دوں گا جس کا وہ مستحق ہے، پرچی اور وصیت لے کر گھومنے والوں کو شرم نہیں آتی؟

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 17 سے 22 گریڈ کے افسروں کو رقم دی گئی، جانشین زرداری بتائے صحت کا انصاف پروگرام کو سندھ میں کیوں روکا؟

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جو یہاں غیرت دکھا رہے تھے کم از کم اپنی والدہ کے قاتل ہی پکڑ لیتے، جونیئر زرداری جب آکسفورڈ میں تھا اسے جعلی اکاؤنٹس کی ٹرانزیکشنز کا بتایا جاتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولا جبکہ حادثاتی چیئرمین نے غلیظ زبان استعمال کی، زرداری کا بیٹا پرچی لے کر آیا اور ان لوگوں نے غلامی کرنا شروع کردی۔

تازہ ترین