پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران مافیا کا پیکج جہانگیر ترین، خسرو بختیار کیلئے ’ریلیف پیکج‘ اور عوام کے لیے ’تکلیف پیکج‘ ہے ۔
وزیراعظم کے ریلیف پیکج پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران مافیاکا 15 ارب کا پیکج عوام سے دھوکا اور غریبوں کا مزید معاشی قتل عام ہے۔
انہوں نے حکومتی پیکج کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی ریلیف پیکج سے آٹا، چینی، گھی، بجلی اور گیس مزید مہنگی ہوگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران مافیا کا جو ’اے ٹی ایم‘ بنی گالہ کا خرچ چلائے، بڑی گاڑی خرید کر دے، اُسے 15ارب کا ریلیف پیکج دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چور، کرپٹ مافیا کی وجہ سے ملک اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے، عمران مافیا نے ہر شعبہ میں چوری ، ڈاکہ اور کرپشن عام کردی ہے، لوگ ٹیکس نہیں دے رہے کیونکہ وزیراعظم چور ہے۔