• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر اکمل کے مس کنڈکٹ کا معاملہ وارننگ دے کر ختم

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کے مس کنڈکٹ کا معاملہ مس انڈر اسٹینڈنگ کا شاخسانہ قرار دے کر وارننگ دے کر ختم کر دیا۔

ذرائع کے مطابق عمر اکمل نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے،جبکہ پی سی بی نے انہیں آئندہ کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

واضح رہے کہ عمراکمل نے فٹنس ٹیسٹ کے دوران ٹرینر کے سامنے غیر مہذب رویہ اپنایا جس کی شکایت باقاعدہ طور پر کرکٹ بورڈ حکام کو کی گئی تھی۔

جس کے بعد عمر اکمل پی سی بی کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے مسلسل دو روز (منگل اور بدھ) کو پیش ہوئے۔

کمیٹی نے ٹرینر یاسر محمود اور ویڈیو اینالسٹ ساجد ہاشمی سے بھی پوچھ گچھ کی، عمر اکمل کے بارے میں شکایت تھی کہ وہ دو مرتبہ یو یو ٹیسٹ پاس نہ کرسکے جس کے بعد جب اسکن فولڈ ٹیسٹ کا موقع آیا تو انہوں نے مبینہ طور پر ٹرینر سے بدتمیزی کی اور اپنے کپڑے اتار دیے تھے۔

انکوائری کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر ہارون رشید نے کی جبکہ ڈاکٹر سہیل سلیم بھی اس کمیٹی کا حصہ تھے۔

ہارون رشید اس سے قبل اس کمیٹی میں بھی شامل تھے جس نے عمر اکمل کو سزا دی تھی۔

تازہ ترین