• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل فائیو میں کسی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا، سرفراز


دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں کسی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ اس وقت تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، کسی بھی حریف ٹیم کو آسان تصور نہیں کرینگے۔ اب تمام ٹیموں کو معلوم ہوچکا ہے کہ کس کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نےکہا کہ ٹی ٹوئنٹی ایسا فارمیٹ ہے جس میں کمبی نیشن سے میچز جیتے جاتے ہیں۔ چاہے اس ٹیم میں بڑے نام نہ بھی ہوں لیکن جب ٹیم کا کمبی نیشن بہتر بنتا ہے تو وہ ٹیم فتوحات سے ہمکنار ہوتی ہے، ہماری بھی کوشش ہوگی کہ بہتر پرفارم کرتے ہوئے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کریں اور ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ ٹائٹل اپنے نام کریں۔

32سالہ وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ مینٹور ووین رچرڈز کی وجہ سے ٹیم کو بہت بوسٹ ملتا ہے۔ خوش قسمتی ہے کہ ٹیم کو ان کی خدمات د ستیاب ہیں۔ وہ ہمیشہ مفید مشورے دیتے ہیں جس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔

پی ایس ایل فائیو میں کسی ٹیم کو فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا، سرفراز
کوئٹہ گلیڈری ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد انٹرویڈ دیتے ہوئے۔

ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس کوئٹہ کی ٹیم جب پی ایس ایل چیمپئن بنی تو میرے لئے یادگار لمحہ تھا۔ کوئٹہ والوں نے ہمارا دل سے استقبال کیا۔ مداحوں کی جانب سے بہت اچھا رسپانس ملا۔ پہلے ’’سرفراز دھوکا نہیں دے گا‘‘ کی آوازیں سننے کو ملتی تھیں اب ہرجگہ’’کوئٹہ کوئٹہ‘‘ کی آوازیں سننے کو ملتی ہیں جس سے بہت خوشی ہوتی ہے۔

انہوں نے نسیم شاہ کی تاریخی ہیٹ ٹرک کے بارے میں کہا کہ نسیم شاہ کو بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اتنی چھوٹی عمر میں اتنا بڑا کارنامہ انجام دیا۔ دو باصلاحیت نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین اور نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کا حصہ ہیں۔ توقع ہے کہ دونوں پی ایس ایل میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ساری ٹیموں سے منفرد کیوں ہے، اس کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئٹہ واحد ٹیم ہے جو فیملی کی طرح رہتی ہے دوستانہ ماحول میں کھیلتی ہے اور حریف ٹیم کیخلاف جیت کیلئے سر دھڑ کی بازی لگا دیتی ہے۔ ہماری مینجمنٹ بہترین ہےاس کا سارا کریڈٹ کوئٹہ کے مالک ندیم عمر، منیجر اعظم خان، کوچ معین خان، بولنگ کوچ عبدالرزاق ودیگر کو جاتا ہےجس طریقے سے وہ ٹیم کو لے کر چلتے ہیں اور جتنی محبت اپنے کھلاڑیوں کو دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے کھلاڑی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ فائیو کا آغاز 20 فروری سے کراچی میں ہورہا ہے، جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی اور اسلام آباد یوناٹیٹڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

تازہ ترین