لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سابق وزیز داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا ہے، ذرائع کے مطابق چوہدری نثار جو لندن کے دو ہفتے کے دورے پر ہیں، نے اپنے اور نوازشریف کے مشترکہ دوستوں کے ذریعے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا مگر میاں نوازشریف نے صاف انکار کردیا، اس سلسلے میں جب اسحاق ڈار اور شہباز شریف سے رابطہ کیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا، ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری نثار اور میا ں نوازشریف کے تعلقات کشیدہ ہیں جب سے چوہدری نثار نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور نواز شریف پر کڑی تنقید کی تھی، ذرائع نے بتایا کہ میاں نواز شریف کا چوہدری نثار کے بارے میں موقف واضع اور صاف ہے اور ان کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار سے ملاقات کرنے کا مطلب ہے میں اپنے ان قریبی لوگوں کو دھوکہ دوں جس طرح مجھے چوہدری نثار نے دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ چوہدری نثار کی ملاقات میاں شہباز شریف اور اسحاق ڈار سے ہوجائے تاہم وہ بھی اس طرح ممکن ہوسکے گی اگر نواز شریف اس پر راضی ہوں، اور اگر چوہدری نثار کو دوبارہ پی ایم ایل ن میں لیا جاتا ہے تو پارٹی میں ایک بغاوت کی سی حالت پیدا ہوجائے گی۔ میاں نواز شریف کی مکمل توجہ اس وقت اپنے علاج پر ہے جب ان سے کہا گیا کہ وہ چوہدری نثار سے ملاقات کرہیں تو میاں نواز شریف نےملنے سے انکار کردیا۔واضع رہے کہ نواز شریف ، مریم نواز، اور دیگر رہنماؤں پر الزامات عائد کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اب نوازشریف اور ان کے خاندان سے کوئی تعلق نہیں۔