پولینڈ کے شہر گورزو میں ایک شخص کے لیے حادثہ معجزہ ثابت ہوا۔
جینس گوراج نامی شخص 20 سال سے اپنی بائیں آنکھ کی بینائی سے مکمل طور پر محروم تھے اور وہ صرف اپنی دائیں آنکھ سے ہی دیکھ سکتے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوراج 20 سال قبل شدید الرجی کے اثرات کے باعث اپنی بائیں آنکھ کی بینائی کھو چکے تھے لیکن 2018 میں ان کے ساتھ ایک ایسا حادثہ پیش آیا جو ان کے لیے خوش قسمتی سے ایک معجزہ ثابت ہوا۔
جینس کا کہنا ہے کہ وہ سڑک پار کر رہے تھے تو اچانک انہیں ایک گاڑی نے ٹکر ماردی جس کے باعث ان کے سر اور کمر میں چوٹیں آئیں اور پھر ان کی ایک سرجری بھی ہوئی۔
ان چوٹوں کے علاوہ یہ حادثہ ان کے لیے معجزے کا باعث اس لیے بنا کیونکہ حادثے کے بعد کچھ روز اسپتال میں گزارنے اور سرجری کے بعد ایک دن جب انہوں نے اپنی آنکھ کھولی تو وہ حیران رہ گئے، انہیں ہر چیز صاف اور شفاف نظر آرہی تھی جس کے بعد انہوں نے اس بارے میں ڈاکٹر کو بھی بتایا مگر ڈاکٹر اس کی وجہ بیان نہیں کر پارہے تھے۔
انڈیپینڈنٹ پبلک پروونشیل اسپتال کے ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کی بینائی 2 ہفتوں میں واپس آئی ہے، ہمیں نہیں معلوم کے ایسا کیسے ہوا ہے، ہوسکتا ہے کہ ہم ان کو اس وقت جو دوائیاں دے رہے تھے یہ اس کی وجہ سے ہوا ہو۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ وہ اب ہر چیز کو صحیح سے دیکھ سکتا ہے جس سے اس کی زندگی بدل گئی ہے۔