ساؤتھ ھمپٹن (نمائندہ جنگ ) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس ایک بار پھر ریاست کی ایک بڑی جماعت کے طور پر ابھرے گی، کشمیری عوام کے حقوق کی محافظ اور ریاستی تشخص کی علمبردار جماعت کو پھر منظم کرنے سے ہی مسئلہ کشمیر کو اس بند گلی سے نکالا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ساؤتھ ھمپٹن میں مقیم کھوئی رٹہ حلقہ پانچ کے اہم سیاسی خانوادے سے متعلق شخصیت چوہدری زیارت حسین سنئیر نائب صدر مسلم کانفرنس برطانیہ نے کیا، انہوں نے کہا کہ تحریک آزادئ کشمیر میں اکابرین ریاست جموں و کشمیر نے مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے کارہائے نمایاں سر انجام دیے مگر یہ کشمیری عوام کی بدقسمتی ہے کہ اس جماعت کو تقسیم کرکے تحریک آزادئ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ آج پھر کشمیر کے اندر یہ سوچ ابھر رہی ہے کہ مسلم کانفرنس کو پھر منظم و مربوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی ، مختلف حصوں کی یکجہتی اور الحاق پاکستان کی ضامن جماعت مسلم کانفرنس ہی ہے۔