برطانیہ کومسلسل دوسرے ویک اینڈ پر طوفان کا سامنا ہے، ’ڈینس‘ گزشتہ ہفتے کے ’کیارا‘ سے زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے بعض مقامات پر ایک ماہ جتنی بارش چند گھنٹوں میں برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، ویسٹ یارکشائر کے علاقے کالڈر ریل میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے آرمی طلب کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سینکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ ریل اور روڈ کا سفر کرنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایزی جیٹ کی 234 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں، گیٹ وک ائیرپورٹ پر آنے اور جانے والی 150 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ ہیتھرو ائیرپورٹ پر بھی پروازوں کا شیڈول متاثر ہے۔
لندن اور نارتھ ایسٹ آف انگلینڈ کے درمیان درجنوں ٹرینیں بھی منسوخ کی گئی ہیں، شمالی انگلینڈ کے 800 گھروں میں سیلابی پانی داخل ہونے کا خطرہ ہے، جبکہ پہاڑوں پر برف پگھلنے سے سیلاب کا خطرہ مزید بڑھ جائے گا۔