• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخ میں پہلی بار وادی مداقلشت چترال میں ہندوکش سنوسپورٹس فیسٹیول کا آغاز

پشاور(نیوزڈیسک)ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ چترال کے باہمی اشتراک سے تاریخ میں پہلی مرتبہ چترال کی خوبصورت وادی مداقلشت میں ہندوکش سنو سپورٹس فیسٹیول کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہو گیا، اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق نے تین روزہ سنو فیسٹیول کا افتتاح کیا، اس موقع پر ٹورازم کارپوریشن کے عہدیداران ، مقامی شخصیات سمیت دیگر اہم حکام بھی موجود تھے ، تین روزہ ایونٹ میں مختلف سنو گیمز کا انعقاد کیا جائے گا تاہم مداقلشت کے اس خوبصورت سیاحتی مقام میں پہلی بار سرکاری سطح پر ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے ، تین روزہ فیسٹیول میں سکینگ، سنو بورڈنگ ، آئس سکیٹنگ، آئس ہاکی، سنو ٹریکنگ، برف کی مجسمہ سازی، کرلنگ مقابلوں سمیت ایکوٹورازم ورکشاپ، باربی کیو نائٹ ، موسمیاتی تبدیلی سے آگاہی اور موسیقی نائٹ کا اہتمام بھی کیا جائیگا، اسسٹنٹ کمشنر دروش عبدالحق نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ چترال اور ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے اس خوبصورت سیاحتی مقام پر ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں نہ صرف مقامی افراد شریک ہیں بلکہ غیرملکی سیاح بھی اس تین روزہ فیسٹیول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ، یہ بات الگ ہے کہ یہ ایک نیا سیاحتی مقام ہے اور یہاں سہولیات کی کمی ضرور ہے مگراس کے باوجود یہاں کے مقامی باشندوں نے سیاحوں کا کھلے دل سے استقبال کیا اور ایونٹ کو کامیاب بنانے میں بھرپور ساتھ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ مداقلشت کا سیاحتی مقام مستقبل میں بہترین سیاحتی مقامات میں شمار ہو گا اور یہاں موسم سرما میں سیاحتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا ، اس سے قبل صرف یہاں کے مقامی لوگ اور مقامی کلب موسم سرما میں اس ایونٹ کا انعقاد کرتے تھے تاہم امسال پہلی مرتبہ یہاں سرکاری سطح پر ایونٹ کا انعقاد ہوا ہے جس سے چترال کے سیاحتی مقامات میں بھی اضافہ ہوا گا اور سیاح اس خوبصورت وادی کی سیر و تفریح سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے ۔
تازہ ترین