• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی عزیز میمن کا پراسرار قتل، لاش نہر سے برآمد

سینئر صحافی عزیز میمن کا پراسرار قتل


پڈعیدن (رپورٹ،غلام حیدر آکاش) سینئر صحافی عزیز میمن کا پراسرار قتل، لاش گودو شاخ (نہر) سے برآمد، صحافتی تنظیموں کا احتجاج، وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ پولیس نے قتل کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب کرلی،پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے ) نے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اظہار رائے کی آزادی پر حملہ قراردیاہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی نائب صدر لالہ اسد پٹھان، ایس یو جے کے صدر سلیم سہتو، جنرل سیکرٹری جاوید جتوئی نے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی عزیز میمن کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ ایس ایچ او محراب پور عظیم راجپر کے مطابق سندھی روزنامہ کاوش اور سندھی چینل کے،ٹی،این سے وابستہ سینئرصحافی عزیز میمن کی لاش گودو شاخ میں ایک اقلیتی برادری کی عبادت کے قریب سے ملی ہے، چرواہوں نے گودو شاخ میں لاش دیکھ کراسے باہر نکالا، مقتول صحافی کے گلے میں تارلپٹاہوا تھا جس سے لگتا ہے اسے گلا گھونٹ کرقتل کرنے کے بعد لاش کو گودو شاخ میں پھینکا گیا ہے، تاہم تحصیل اسپتال محراب پور کے میڈیکل آفیسر کے بیان میںتار سے گلا گھونٹ کر قتل کی نفی کی گئی ہے کیونکہ گلے میں تار کے نشانات نظر نہیں آئے،ذرائع کے مطابق وہ کسی دعوت پرصوفائی سہتو گئے تھے۔سینئرصحافی عزیز میمن کے قتل کی اطلاع ملتے ہی محراب پور پریس کلب کے صدر محمد سرفراز نواز،جنرل سیکرٹری یونس رفیق ملک، نیشنل پریس کلب محراب پور کے صدر رانا ندیم انجم، جنرل سیکرٹری دودل خان نوح پوٹو، منور احمد ملک، مجاہد علی سامیٹو اور قاسم علی شیخ اسپتال پہنچ گئے، محراب پور پریس کلب نے سینئر صحافی عزیز میمن کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، صحافی تنظیموں نے عزیز میمن کے قتل اور پولیس کی جانب سے تاحال ملزمان کا سراغ نہ لگانے پر اسپتال اور پولیس تھانے پر احتجاجی دھرنے دیئے، دوسری طرف وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کلیم امام نے محراب پور کے سینئر صحافی کو قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی نوشہرو فیروز ڈاکٹر فاروق احمد سے رپورٹ طلب کرلی ہے، مرحوم35 سال سے شعبہ صحافت اور27 سال سے سندھی روزنامہ کاوش اور کے ٹی این نیوز چینل سے وابستہ تھے، مرحوم کی عمر 56 سال تھی، انہوں نے پسماندگان میں ایک بیوہ، دو بیٹے، دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ دریں اثناءپاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن نے محراب پورمیں مقامی ٹی وی چینل کے صحافی عزیز میمن کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اظہار رائے کی آزادی پر حملہ قراردیاہے ۔پی بی اے نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے ۔پی بی اے نے اپنے تمام ممبران کی جانب سے غمزدہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کا حوصلہ عطا فرمائے ۔

تازہ ترین