• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں دہشت گردوں کے اب کوئی ٹھکانے نہیں رہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان  اسلام آباد میں افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے اب کوئی ٹھکانے نہیں رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے لیے گزشتہ بیس سال مشکلات کا شکار رہے، تمام مشکلات کے باوجود پاکستان اور عوام نے افغان مہاجرین کی مدد کی، فراخ دلی کا بینک بیلنس سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغان مہاجرین کے بچوں نے پاکستان میں کرکٹ سیکھی ، افغان امن عمل کے لیے پاکستان نے بہت کوشش کی ہے اور افغان عوام نے چالیس سال میں بہت سی مشکلات برداشت کیں، افغان مسئلے کے حل پر حکومت اور سیکورٹی فورسز کا موقف یکساں ہے۔

عمران خان نے ہم پاکستانی افغانستان میں امن چاہتے ہیں، افغانستان کے عوام امن کے حق دار ہیں اور افغانستان میں امن کے لیے پاکستان ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، ہمارے پاس افغان پناہ گزینوں کے درجنوں کیمپ ہیں، ہرکسی کو چیک نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں مقیم تمام افغانوں پر نظر رکھنا مشکل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر سیاست دانوں نے مہاجرین کے مسئلے کو اپنے ایجنڈے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تمام افغان اپنے ملک واپس چلے جائیں تو ہم اس کا ذمہ لے سکتے ہیں، افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ لگنے سے شکایات کم ہوں گی اور افغانستان میں بے امنی کسی بھی طرح پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں انتہاپسند سوچ کا غلبہ ہے، یہ نہرو اور گاندھی کا انڈیا نہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی توجہ بھارت کے حالات کی جانب کرانا چاہتا ہوں، نازی ازم کی طرز پر بھارت میں پروان چڑھتی انتہاپسندی خطرناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتہاپسند سوچ کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں، اقوام متحدہ نے بھارت میں اپنا کردار ادا نہیں کیا تو سنگین مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

عمران خان نے اس دوران بھارتی حکومت اور عسکری ادارے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا ایک ارب کی آبادی کا وزیراعظم اور آرمی چیف اتنے غیرذمہ دارانہ بیانات دے سکتے ہیں، بھارت اپنی انتہاپسند سوچ کے باعث غلط سمت میں گامزن ہے۔

تازہ ترین