• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برقعے پر تنقید‘ اے آر رحمن کی بیٹی کا تسلیمہ نسرین کو جواب

ممبئی (ایجنسیاں) بھارتی گلوکار اے آر حمن کی بیٹی خدیجہ رحمٰن نے برقعے پر تنقید کرنے والی بنگلہ دیش کی متنازع رائٹر تسلیمہ نسرین کو سوشل میڈیا پر کرارا جواب دے دیا۔ گزشتہ دِنوں بنگلادیشی رائٹر تسلیمہ نسرین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی گلوکار اے آر رحمن کی بیٹی خدیجہ رحمن کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے برقع اور حجاب پہنا ہوا تھا۔ تسلیمہ نسرین کا کہنا تھا کہ مجھے اے آر رحمن کی گلوکاری پسند ہے لیکن میں جب بھی ان کی بیٹی کو دیکھتی ہوں تو میرا دم گھٹنے لگتا ہے۔ تسلیمہ نسرین نے لکھا تھا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ایک ثقافتی گھرانے میں پرورش پانے والی لڑکی کا بھی آسانی سے برین واش ہوسکتا ہے۔ تسلیمہ نسرین کے اِس تنقید بھرے ٹوئٹ پر خدیجہ رحمن بھی خاموش نہ رہیں اور انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی حجاب میں تصویر شیئر کی جس کا انہوں نے ایک طویل کیپشن لکھا۔ خدیجہ رحمن نے لکھا کہ بھارت میں اِس وقت بہت کچھ ہورہا ہے لیکن سب لوگ اِس بات کے لیے فکر مند ہیں کہ عورت کو کیا لباس پہننا چاہیے اور یہ دیکھ کر میں بہت حیران ہوتی ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ میں جب بار بار یہ موضوع سنتی ہوں تو میرے اندر ایک آگ بھڑک اٹھتی ہے۔ خدیجہ رحمن نے لکھا کہ میں کمزور نہیں ہوں اور نا ہی میں اپنی اِس زندگی کے اتخاب پر مایوس ہوں بلکہ میں بہت خوش ہوں اور مجھے برقع اور حجاب پہننے پر فخر ہے۔ انہوں نے لکھا کہ میں ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے مجھے اِس طرح قبول کیا اور وہ مجھے میرے کام سے جانتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ میں اِس بارے میں اتنا کہوں گی کہ میں اللہ کے بتائے طریقوں پر زندگی گزار رہی ہوں۔ خدیجہ رحمن نے لکھا کہ مجھے برقع پہننے سے کوئی گھٹن محسوس نہیں ہوتی ہے بلکہ مجھے فخر محسوس ہوتا ہے اور میں اپنے اِس فیصلے میں بااختیار ہوں۔
تازہ ترین