• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیدنا ابوبکر صدیقؓ کا نظام حکومت ریاست مدینہ کی عملی تصویر تھا

اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے) حضرت ابو بکر صدیق ؓکا یوم وفات منایا گیا، اس موقع پر جلوس نکالے گئے اور سیمینار ہوئے۔ خلیفہ اول حضرت صدیق اکبرؓ کا یوم وفات 22 جمادی الثانی سرکاری سطح پر منانے کے مطالبے کی حمایت میں سنی رابطہ کونسل اسلام آباد کے زیر اہتمام پیر کو مدح صحابہؓ جلوس نکالاگیا جو رحمانی مسجد آبپارہ سے شروع ہو کر نیشنل پریس کلب کے سامنے اختتام پزیر ہوا۔ جلوس سے ایم پی اے مولانا محمد معاویہ اعظم نے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے یوم وفات پر حکومت عام تعطیل کا اعلان کر کے سرکاری سطح پر مناۓ تاکہ نوجوان نسل کو سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے سیرت و کردار سے روشنائی حاصل ہوسکے۔حضرت ابوبکر صدیق کے امت پر بے شمار احسانات ہیں امت ان کے احسانات کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکتی۔مولانا نےکہا کہ حکومت لال مسجد و جامعہ حفصہ کے معاملات کو سنجیدگی سے لے اور اسے حل کرےاور 2007ء والا ماحول پیدا کر نے سے گریز کرے،ملک ایسے حالات کا متحمل نہیں، حکومت لال مسجد و جامعہ حفصہ کے محاصرہ کو ختم کر کے جامعہ حفصہ کو تعمیر کر کے دے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں اہلسنت کےجلوس پر بم حملہ کی شدید مزمت کرتے ہیں حکومت بم دھماکہ کرنے والے ملک دشمن عناصر کو گرفتار کر کے سخت سزا دے۔ مولانا یعقوب طارق نے کہا کہ حکومت گستاخوں کے خلاف ایسی مؤثر قانون سازی کرے کہ پھر کوئی بھی شخص اصحاب رسول کی گستاخی کی جرآت نہ کر سکے۔مسلمان ہر چیز برداشت کر سکتا ہے لیکن توہین رسالت و توہین صحابہ کبھی بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ مولانا ابو عمر معاویہ و حافظ نصیر احمد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ دریں اثناء مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے جنہوں نے دین کی سر بلندی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کیا۔ سیدنا ابوبکر صدیقؓ کا نظام حکومت آئیڈیل اور ریاست مدینہ کی عملی تصویر تھا۔ موجودہ مسائل کا حل بھی اسی نظام حکومت میں مضمر ہے۔ آج کردار صدیقی کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار نومنتخب مرکزی امیر شوریٰ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملک عمر اعوان، نومنتخب مرکزی ناظم اعلیٰ رانا محمد ذیشان، مرکزی معاون ناظم اعلیٰ شہزاد عباسی، نومنتخب مرکزی ناظم عمومی سردار مظہر، نومنتخب مرکزی ناظم اطلاعات اعزاز الحق عباسی و دیگر نے چار روزہ مرکزی تربیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نظام حکومت آئیڈیل نظام حکومت تھا۔ مرکزی کنونشن میں دو سالہ سیشن کیلئے ایم ایس او کی مرکزی باڈی کا اعلان بھی کیا گیا۔ کنونشن میں حنیف خان مرکزی ناظم مالیات، عمیر مغل مرکزی معاون مالیات، سعید ہزاروی مرکزی ناظم تربیتی امور، ثاقب شاہین مرکزی معاون تربیتی امور جبکہ راجہ وسیم کو ناظم دفتر بھی منتخب کیا گیا۔سنی رابطہ کونسل کے زیراہتمام حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے راجہ بازار سے فوارہ چوک تک مدح صحابہؓ جلوس نکالا گیا۔ قیادت سنی رابطہ کونسل کے رہنما مولانا عبدالقدوس، مولانا اقبال حیدر، مولانا عارف، مولانا اکرام الحق اور دیگر نے کی۔ شرکاء جلوس نے کتبے و بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حضرت صدیق اکبرؓ کے فضائل و مناقب درج تھے۔ جلوس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کا یوم وفات 22جمادی الثانی کو سرکاری تعطیل کے طور پر منایا جائے تاکہ ہماری آنیوالی نسل حضرت صدیق اکبرؓ کے کردارو تعلیمات سے روشناس ہوسکے۔

تازہ ترین