اسلام آباد (طارق بٹ) سیالکوٹ، لاہور موٹر وے کے ایک حصے کا افتتاح موجودہ حکومت نے کر دیا ہے۔ پرو جیکٹ مکمل ہو نے پر دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ 41منٹ کا رہ جائے گا۔یہ منصوبہ اپنی تکمیل کے شیڈول سے دو سال پیچھے ہے۔ گزشتہ نواز شریف انتظامیہ سے قبل پروجیکٹ میں نمایاں تبدیلی کی گئی تھی جبکہ اس پر کام 2016ء میں شروع ہوا تھا۔ 2006ء میں اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے دور میں یہ منصوبہ شروع ہوا تھا۔ تعمیر کا کام فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے سپرد کیا گیا۔ وفاقی وزیر تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے گزشتہ 8فروری کو سیالکوٹ، لاہور موٹر وے ایسٹرن بائی پاس سیکشن کا افتتاح کیا۔ 16.58کلو میٹر کے ٹکڑے کی تعمیر پر 11ارب روپے لاگت آئے گی جو دو مراحل میں مکمل ہو گا۔