سکھر /کراچی (بیورو رپورٹ /اسٹاف رپورٹر ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے محراب پور میں صحافی عزیز میمن کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مقتول کے ورثاء کا غم میں سمجھ سکتا ہوں، صحافیوں کے تحفظ کے معاملے پر کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے، میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ پر پیپلز پارٹی کا ہمیشہ واضح موقف رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عزیز میمن کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں، انہوں نے ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات بھی دیں۔ادھر صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سینئر صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے عبرتناک سزا دلوائیں گے۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کلب کے سامنے احتجاجی صحافیوں سے خطاب اور کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر عہدیداروں کے مسائل کے حوالے سے بات کے موقع پر کیا۔ وزیر اطلاعات نے احتجاجی صحافیوں سے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی عزیز میمن کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے حکومت مرحوم صحافی کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔