کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ قریب آرہی ہے،تماشائیوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ کوچز کی بے چینی بھی بڑھ رہی ہے، کوچز نے اپنے کھلاڑیوں سے بڑی توقعات وابستہ کرلی ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ وہ ابتدائی3 ایڈیشنز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرچکے ہیں۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شامل تمام کرکٹرز باصلاحیت ہیں، وہ کسی تین کھلاڑیوں کے نام لینے کے بجائے پورے اسکواڈ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ کھلاڑی اپنے کردار سے بخوبی واقف ہیں، امید ہےبہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔لیوک رونکی اور آصف علی کی موجودگی میں اسلام آباد کی بیٹنگ لائن اپ ایونٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔کولن منرو، کولن انگرام اور ڈیل اسٹین کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔ڈیل اسٹین کی ایونٹ میں شرکت نوجوان فاسٹ بولرز کے لیے مفید ثابت ہوگی۔ ادھر پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم نے کہا کہ لیگ کے بہترین بیٹسمین کامران اکمل اور کامیاب ترین بولر وہاب ریاض کو اسکواڈ میں برقرار رکھنا پشاور زلمی کی ٹائٹل جیتنے سے متعلق حکمت عملی کا واضح اشارہ ہے۔ان سے بہترین کارکردگی کی توقع ہے ، انگلینڈ کے 21 سالہ جارحانہ مزاج ٹام بنٹن کی اسکواڈ میں شمولیت خوش آئند ہے۔ڈین جونز پہلی مرتبہ ایونٹ میں کراچی کنگز کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت ان نوجوان کھلاڑیوں کے کیریئر میںسنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ملتان سلطانز کی پہلی مرتبہ کوچنگ کرنے والے اینڈی فلاور نے کہاکہ روحیل نذیر بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔ پی ایس ایل میں غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنا روحیل نذیر کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ نوجوان فاسٹ بولر محمد الیاس بہترین یارکر، آؤٹ سوئنگ اور سلو گیند کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔یقین ہے کہ وہ بولنگ لائن اپ کا اہم ہتھیار ثابت ہوگا۔