• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی، 31 پلازے اور کثیرالمنزلہ عمارتیں سر بمہر

اسلام آ باد(نیو زرپورٹر)بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سی ڈی اے اور ضلعی نے بڑا آپریشن کیا۔ مشترکہ ٹیموں نے بنی گالہ، بارہ کہو، ایچ تیرہ، سوہان گارڈن اور دیگر علاقوں میں آپریشن کے دوران 31پلازے و کثیرالمنزلہ عمارتیں سیل کردیں۔ بنی گالہ عمران خان چوک سے کورنگ نالہ چوک تک اور بارہ کہو میں 6 پلازے سیل کئے گئے۔ مشترکہ ٹیموں نے ایچ تیرہ میں آپریشن کرتے ہوئے 7 پلازے و کثیرالمنزلہ عمارتیں،سوہاں گارڈن مین ڈبل روڈ پر 8 پلازے اور کثیرالمنزلہ عمارات،ای سولہ، ای سترہ اور ڈی اٹھارہ میں آپریشن کے دوران 10 پلازے سیل کردیئے گئے ۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق عمارات مالکان کی طرف سے سی ڈی اے بائی لاز کی خلاف ورزی کی جارہی تھی، حکام نے بتایا کہ خلاف ورزی پرعمارات مالکان کو متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے۔ دریں اثناء سی ڈ ی اے نے شہر کے مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشنوں کے دوران متعدد تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو مسمارکر دیا۔ بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے سیکٹرایچ تیرہ میں بارہ غیر قانونی کمرشل بلڈنگز کو سربمہر کر دیا جن میں یو آئی ٹی ٹاور ، امیر مصطفے ٹاور، انساط بکنگ آفس الحماد ٹاور ، حسن بلڈنگ ، کے کے بلڈنگ ، لینڈ مارک تھری ، شنگریال ہائٹس ، سجاد ہائٹس ، شاہین ہائٹس اور ہاسپٹل بلڈنگ شامل ہیں۔ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کا آپریشن سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس اور متعلقہ شعبوں کی معاونت سے کیا۔ آپریشن کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ضلعی انتظامیہ کی معاونت اور پنجاب سمال ڈیمز کے سٹاف کی تعاون سے غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے دو کھوکھے مسمار کر دیئے جبکہ لکھوال کے علاقہ میں ڈیم کی اراضی پر تعمیر کی گئی غیر قانونی چار دیواری اور ایک گیٹ کو مسمار کر دیا ۔سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک دوسری ٹیم نے سیکٹر H-8 سے ایک کیبن، سیکٹر I-10 اورI-11 کی درمیانی گرین بلیٹ سے ایک کھوکھا، سٹریٹ نمبر108 سیکٹر I-8/4 میں غیر قانونی فینس جبکہ بری امام کے علاقہ ٹھٹھی سین میں ایک غیر قانونی کمرہ اور ایک چار دیواری گرا دی گئی۔ اسی طرح ضیا ء مسجد سے کھنہ پل تک کے علاقہ میں تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے علاوہ ایک اور ٹیم نے پارک روڈ پر غیر قانونی تجاوزات کو ختم کر دیا۔
تازہ ترین