کوئٹہ (آئی این پی ) عوامی نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ضلعی صدرجمال الدین رشتیاء اور عہدیداروں نے گزشتہ روز کوئٹہ شارع عدالت پر ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھماکہ انسانیت دشمنوں کی مذموم کارروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شرمناک فعل میں ملوث عناصر ملک میں امن وامان کو سبوتاژ کرنے کے در پے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث عناصر کا کوئی مذہب نہیں ہوتا وہ انسانیت کے دشمن ہیں، بھرے بازاروں میں بم پھوڑ کر بے گناہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت و قابل گرفت عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں۔ لہذا حکومت اور تمام اسٹیک ہولڈر نیشنل ایکشن پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں۔بیان میں نیشنل یوتھ آرگنائزیشن کے مرکزی ایڈووکیٹ قسیم باچاخان کے بھائی حاجی محمد نسیم کاکڑ کی بم دھماکے میں شہادت پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کےلیے صبرجمیل کی دعا کی۔درایں اثناء 21فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام ارباب ہاؤس میں پروگرام منعقد کیاجائے گا۔