پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں وہ بلّے کا استعمال کسی موسیقی کے آلے کی طرح کررہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ ‘ کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’بیٹ منتخب کریں ، ردھم بنائیں اور اپنا میوزک ترتیب دیں۔‘
آئی سی سی نے بھی ویمنز ٹیم کے منفرد انداز کی ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ پاکستان ٹیم راک اسٹار ہے۔
ویمن کرکٹ ٹیم کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بےحد سراہا جارہا ہے اور ورلڈکپ کے مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔
ساتواں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔
افتتاحی میچ 21 فروری کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سڈنی میں ہوگا۔
پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 26 فروری کو بسمہ معروف کی قیادت میں کینبرا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں بسمہ معروف سمیت ایمن انور، انعم امین، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، عائشہ نسیم، ارم جاوید، فاطمہ ثنا، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرا نواز وکٹ کیپر اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔