• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ تیار ہیں ‘‘سپر لیگ ٹیموں کے کپتانوں نے اعلان کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ سے قبل تمام ٹیموں کے کپتانوں نے عزم ظاہر کردیا کہ وہ مقابلے کیلئے تیار ہیں۔لاہور قلندر کے کپتان سہیل اختر اپنی ٹیم کی جیت کے لئے پرعزم ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکواڈ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا امتزاج ہے ، وہ آف سیزن میں بھی ہائی پرفارمنس سینٹر پر ایونٹ کی تیاری کرتے رہے ہیں۔ کھلاڑی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچز کھیلنے کے لیے بیتاب ہیں۔ اسکواڈ میں بہترین بیٹسمین موجود مگراپنی بولنگ لائن اپ پر زیادہ انحصار کریں گے۔ ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ایونٹ سے قبل ٹیم نے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس میچز کے علاوہ ایم سی سی کے خلاف وارم اپ میچ سے کھلاڑیوں کا ردھم بحال ہوگا۔ 21 فروری کو اپنے پہلے میچ کے لیے ’’تیار ہیں‘‘۔ پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے اور وہ کراچی اور لاہور کے علاوہ ملتان اور راولپنڈی میں میچز کھیلنے کے منتظر ہیں۔ پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی نے کہا کہ پشاور زلمی لیگ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل رکھتی ہے۔ تمام کھلاڑی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پشاور زلمی کی قیادت کرنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض، کامران اکمل اور حسن علی کے علاوہ اس ایڈیشن میں شعیب ملک کی شمولیت اسکواڈ میں ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگی۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو یقین ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز میں "ہاؤس فل" ہوگا۔ امید ہے کہ کراچی کنگز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنےجیت کی غرض سے میدان میں اتریں گے۔

تازہ ترین