پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن لوگوں کوسیوریج ملاپانی پینے پر مجبور کر رہی ہے،اس گندے پانی میں تو کپڑے بھی نہیں دھوئے جاسکتے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر اعتزاز احسن نے لاہور میں گندے پانی سےبھری بوتل ہاتھ میں لیکر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ میرےساتھ موجودلوگوں کاتعلق این اے124 حلقے سے ہے،کوٹلی پیرعبدالرحمٰن کےرہائشی اپنےنلکوں سے پانی بھر کر ساتھ لائے ہیں،مسلم لیگ ن کی حکومت کی ترجیحات ہی غلط ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب یہ پانی پی کر دکھا دیں تو ان کے چیریٹی فنڈمیں 20 لاکھ روپےدوں گا،صرف کوٹلی عبدالرحمٰن میں نہیں دیگرعلاقوں میں بھی ایسا ہی پانی آرہا ہے،اس مسئلے کو پنجاب اسمبلی میں بھی اٹھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سےحکمرانوں کی توجہ عوام کےاصل مسائل کی طرف نہیں،تعلیم،صحت اوردیگرشعبوں کابجٹ میٹرو پر لگایا جارہا ہے، حمزہ شہبازکےساتھ ماڈل ٹاؤن اوررائےونڈفارم پرپولیس نفری تعینات ہے،میؤ اسپتال میں 4سو بیڈ کا سرجیکل ٹاور بن رہا تھا،جس کا سارا بجٹ بھی میٹرو اورنج ٹرین میں ڈال دیا گیا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ ایسٹر تھا اس کے باوجود گلشن اقبال پارک میں سیکیورٹی نہیں تھی،سانحہ گلشن اقبال کے بعد بہت سی اموات اسپتالوں میں ناکافی سہولتوں کے باعث ہوئیں۔