بھارت کی سینئر اداکارہ ریکھا نے ایک ایونٹ میں بالی ووڈ کے بِگ بی امیتابھ بچّن کی پینٹنگ کے آس پاس اپنی تصویر بنوانے سے گریز کیا ہے اور اس جگہ کو ’‘ ڈینجر زون‘ قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، بھارتی اداکارہ ریکھا کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ریکھا معروف بھارتی فوٹوگرافر دبو رتنانی کے ایک ایونٹ میں موجود ہیں اور اِس ایونٹ میں ان کے ہمراہ فوٹوگرافر کی بیٹی بھی ہیں۔
ایونٹ میں فوٹوگرافر کی معروف فنکاروں کی لی ہوئی تصاویر آویزاں کی گئیں ہیں، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریکھا ایک ایک کر کے ان تصاویر کے ساتھ فوٹو سیشن کرواتی نظر آرہی ہیں۔
ریکھا جیسے ہی شہنشاہِ بالی ووڈ امیتابھ بچن کی تصویر تک پہنچتی ہیں ،اسی لمحے وہاں سے ڈینجر زون کہتی ہوئی پلٹ آتی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ ریکھا نے امیتابھ بچّن سے اس طرح گریز کیا ہو۔ اِس سے قبل بھی ایک بار ریکھا نے امیتابھ بچن کے پوسٹر کے ساتھ تصویر بنوانے سے گریز کیا تھا۔
واضح رہے کہ ماضی میں ریکھا اور امیتابھ بچّن نے بہت سی مشہور بھارتی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے اور اُن کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جاتا تھا۔
اِن کی مشہور فلموں میں’مسٹر نٹور لال‘، ’مقدرکا سکندر‘، ’نمک حرام‘، ’دو انجانے‘، ’خون پسینہ اور سلسلہ‘ اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔