پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر سسی پلیجو کا کہنا ہے کہ کاش فواد چوہدری ملک میں مہنگائی کے ذمہ داران کے نام بھی میڈیا پر بتاتے۔
سینیٹر سسی پلیجو نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی جانب سے مہنگائی اور گندم کے بحران کا ذمہ دارصوبائی حکومتوں کو ٹھہرانا پاگل پن ہے، سب کو پتا ہے کہ آٹا، گندم بحران کا ذمہ دار وفاق اور بنی گالا والے کے نور نظر ہیں، وزیر اعظم کا بیان اس بات کا اعتراف تھا۔
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو یاد دلاتے چلیں کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے خود آٹے اور گندم کے بحران کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
سسی پلیجو نے کہا کہ وفاق نے جان بوجھ کر ملک میں آٹے اور گندم کا بحران پیدا کیا اور نور نظر مافیائوں نےپیسے کمائے۔
سینیٹر سسی پلیجو کا کہنا تھا کہ ڈپٹی وزیر اعظم اور خسرو بختیار ہی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے ذمہ دار ہیں۔
اپنے بیان کے دوران انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے با لکل صحیح کہا کہ پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کی ڈیل عوام دشمن ثابت ہوئی ہے۔