کراچی (اسٹاف رپورٹر) اذلان شاہ کپ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تر بیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ لاہور میں ختم ہوگیا۔ آخری روز کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہوگئے اس دوران کھلاڑیوں سے400 میٹرز ریس بھی کرائی گئی ، جونیئر کیمپ سے آنے والے کھلاڑیوں کی فٹنس خاصی معیاری رہی،کیمپ کا دوسرا مرحلہ یکم مارچ سے لاہور میں ہی شروع ہوگا۔ قومی ٹیم کے حتمی ٹرائلز18مارچ کو ہوں گے ، چھ روز کے آرام کے بعد کیمپ کراچی منتقل کردیا جائے گا ۔ ٹیم 8 اپریل کو ملائیشیا روانہ ہوجائے گی۔کوچ سمیر حسین نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں کھلاڑیوں کی فٹنس اچھی رہی۔دوسری جانب امکان ہے کہ اس ایونٹ کے لئے رضوان سنیئر کو ٹیم کی قیادت دی جائے گی۔