پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی عوام مشترکہ طور پر یہ چاہتی ہے کہ میں پی ایس ایل کا ترانہ بناؤں تو میں اپنی کوشش کرنے کے لیے تیار ہوں کیونکہ ان کے لیے تو جان بھی حاضر ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے سیزن فائیو کی افتتاحی تقریب میں ہونے والی غلطیوں کا غصہ پی ایس ایل کے رواں سیزن کا ترانہ’تیار ہیں‘ گانے والے علی عظمت نے علی ظفرپر نکالا تھا جس کا جواب انتہائی مزاحیہ انداز میں علی ظفر نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دیا تھا۔
ترانے کی جنگ میں علی عظمت اور علی ظفر دونوں ہی آمنے سامنے ہیں، تاہم گزشتہ روز ایک شو میں علی ظفر نے علی عظمت کے بیان پر کہا کہ میں کسی بھی گانے کو کسی کی پسند ناپسند نہیں بنا سکتا، میرے پاس ایسی کوئی طاقت نہیں جس سے لوگوں کی توجہ حاصل کرسکوں ۔
میزبان کے سوال پر کہ کیا پی سی بی انہیں کہے گا تو وہ گانا بنائیں گے ، لوگوں کی خواہش پر کچھ نہیں کیا جاسکتا؟ علی ظفر کا کہنا تھا کہ باضابطہ طور پر تو ایسے ہی ہونا چاہیئے، لیکن لوگ کہتے ہیں تو میں اپنی پوری کوشش کروں گا کیونکہ لوگوں نے ہی مجھے اسٹار بنایا ان کے لیے تو جان بھی حاضر ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ عوام کی رائے صحیح طور پر لے لیں کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے کسی فعل سے لوگوں کی دل آزاری ہو۔
میزبان نے علی ظفر کے سامنے ’پول‘ کروانے کی تجویز پیش کی کہ لوگوں کی متفقہ رائے سامنے آجائے اور علی ظفر کو بھی 24 گھنٹے سوچنے کا وقت مل جائے۔گانا بنانے یا نہ بنانے کا اعلان آج رات کیا جائے گا۔
علی ظفر کے اس بیان کے بعد سے ہی ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، علی ظفر کے ویڈیو پیغام کے بعد سے ان سے متعلق اتنی بات ہوئی کہ وہ پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست موجود ہیں۔
ان کے اس شرارت بھرے ویڈیو پیغام سے صارفین کے ساتھ ساتھ وہ خود بھی خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔
ایک صارف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے علی عظمت کی جانب سے لگائے گئے بلاگرز کو خریدنے کے الزام میں مزاحیہ ٹوئٹ بھی کیا اور کہا کہ آپ کو پیسے تو مل گئے نا؟
صارفین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں نا کوئی گانا گایا اور نہ ہی پرفارمنس پیش کی اس کے باوجود ٹرینڈز میں نمبر ایک پوزیشن میں ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ان سے محبت کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے سیزن فائیو کے گانے پر تنقید کے جواب میں بھی علی ظفر کی جانب سے انتہائی ذمہ دارانہ بیان سامنے آیا تھا۔
واضح رہے کہ گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2016 میں ’اب کھیل کے دکھا‘ گایا تھا، پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2017 میں’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جبکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2018 میں ’دل سے جان لگا دے‘ گایا تھا۔
علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے اِن تمام ترانوں کو شائقین کرکٹ نے بےحد پسند کیا تھا۔