• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرینہ نے شاہد کپور سے’بریک اپ‘ کی وجہ بتادی

معروف بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے اپنے سابق قریبی دوست شاہد کپور سے تعلق ختم کرنے کی وجہ ’قسمت‘ کو قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیف علی خان سے شادی کے بعد پہلی مرتبہ کرینہ نے اپنے اور شاہد کپور کے تعلق سے متعلق بات کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ان دونوں کے بچھڑنے کی وجہ قسمت ہے۔

شاہد کپور سے تین سال سے زائد عرصے تک قریبی دوستی میں رہنے والی کرینہ کپور نے ’جب وی میٹ ‘ کی ریلیز کے فوراً بعد ہی سیف علی خان سے دوستی کرلی اور ان کے ساتھ فلم ’ٹشن ‘ بھی سائن کی۔

39 سالہ کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ شاہد کپور کے ساتھ ہِٹ ہونے والی فلم ’جب وی میٹ‘ نے ان کا کیرئیر بدلا جبکہ سیف علی خان کے ساتھ کی جانے والی فلم ’ٹشن‘ نے ان کی زندگی ہی بدل دی۔

بالی ووڈ کی سابق معروف جوڑی شاہد کپور اور کرینہ کپور کی دوستی اور قریبی تعلق سے سب ہی واقف تھے، دونوں نے بلاک بسٹر فلموں میں بھی ساتھ کام کیا لیکن سُپر ہٹ فلم ’جب وی میٹ‘ کے بعد دونوں نے راہیں جدا کرلیں۔

شاہد کپور اور کرینہ کپور کی  سُپر ہٹ فلم ’جب وی میٹ‘


یاد رہے کہ 2004 میں کرینہ اور شاہد کی پہلی فلم ’فدا‘ ریلیز ہوئی تھی جو  باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی جبکہ کرینہ اور شاہد بھی ایک دوسرے کے دل میں جگہ بنانے میں کافی حد تک کامیاب ہوگئے تھے۔

2012 میں کرینہ کپور بالی ووڈ اداکار سیف علی خان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں، 2016 میں ان کے ہاں تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی۔

دوسری جانب شاہد کپور نے 2015 میں  میرا راجپوت سے شادی کی ان کے دو بچے ہیں۔ بیٹی کا نام میشاء جبکہ بیٹے کا نام زین ہے۔

تازہ ترین