• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داؤد یونیورسٹی نمایاں تعلیمی ادارہ بن کر اُبھر رہی ہے، گورنر سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام اور داؤد فاؤنڈیشن کے تعاون سے تمام جامعات میں اس سال کے سب سے بڑے ایونٹ ’نیشنل پروجیکٹ کمپی ٹیشن (NPC'2020)کا آغاز ہفتے کو ہوگیا جس کا افتتاح بطور مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کیا ۔ داؤد فاؤنڈیشن کی سی ای او سبرینہ داؤد اعزازی مہمان تھیں۔ مقابلوں میں ملک بھر سے 35؍ سے زائد یونیورسٹیز کے طلباء نے7مختلف کیٹیگریز میں 141؍ پروجیکٹس اور 104؍ پوسٹرز پیش کئے۔ گورنر سندھ نے سی ای او داؤد فاؤنڈیشن اور وائس چانسلر کے ہمراہ تمام اسٹالز کا دورہ کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ طالبعلم ہمارا اثاثہ اور مستقبل ہیں ان کی صلاحیتوں کو سامنے لانا اور حوصلہ افزائی کرنا ملکی تعمیر و ترقی کے لئے اشد ضروری ہے ، ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کے باعث یہ جامعہ ایک نمایاں تعلیمی ادارہ بن کر اُبھر رہی ہے ، داؤد یونیورسٹی سے فارغ التحصیل پروفیشنلز کئی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں اور آج یہاں پر موجودگی اور جامعہ کی مدد لائق تحسین ہے۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ نیشنل پروجیکٹ مقابلوں کے انعقاد کا تمام تر کریڈٹ طلباء کو جاتا ہے جنہوں نے شب و روز محنت کی ،ہمارے طلباء بہت ہنر مند ہیں اور گزشتہ 7 سال میں جامعہ میں کئی نمایاں تبدیلیاں آئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ این پی سی ایک گیم چینجر ثابت ہوگی ، مقابلوں میں کراچی سے چترال تک جامعات حصہ لے رہی ہیں ، داؤد یونیورسٹی کی سوچ ہمیشہ کچھ الگ کرنےکی رہی ہے تاکہ ہم کسی یونیورسٹی کو کاپی نہ کریں بلکہ لوگ ہمیں کاپی کریں ، تخلیقی سوچ اور عمل کے باعث ہم ٹرینڈر سیٹر بن گئے ہیں۔
تازہ ترین