• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو فلزم کی پیشکش، مہنگی ترین ’’لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ عید پر ریلیز ہوگی

لیجنڈ آف مولا جٹ عید پر ریلیز ہوگی


کراچی (محمد ناصر) پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی فلم، سب سے بڑی کاسٹ، فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، عمیمہ ملک، گوہر رشید کے ساتھ ”جیوفلمز“ کی پیشکش ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ عمارا حکمت اور بلال لاشاری کے ”انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز“ کے بینر تلے عید الفطر پر سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ 

فلم کے ہدایتکار بلال لاشاری، ڈائیلاگز رائٹر ناصر ادیب اور پروڈیوسر عمارہ حکمت اور اسد خان ہیں۔ یہ فلم ”ٹرپل A“ پکچرز کے تعاون سے بنائی گئی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں انڈسٹری کے جانے مانے نام شفقت چیمہ ، نیئر اعجاز، علی عظمت اور فارس شفیع بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ 

اس فلم میں ہالی ووڈ کی ایکشن اور وی ایف ایکس ٹیم استعمال کی گئی ہے۔ 

یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم ہے جس کا شائقین کو بے تابی سے انتظار ہے۔ فلم کے ریلیز کئے گئے سابقہ ٹریلر نے پہلے ہی دیکھنے والوں میں ایک جنون پیدا کردیا تھا اور اب شائقین کیلئے خوشخبری ہے کہ اس فلم کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ 

لہٰذا فلم بین ہوشیار ہوجائیں کیونکہ ہالی ووڈ طرز کی فلم ”لیجنڈ آف مولا جٹ“ عید الفطر پر پاکستانی سنیماؤں میں خوب تہلکہ مچانے آرہی ہے۔ 

شائقین اس فلم میں مولا جٹ اور نوری نت کے درمیان گرما گرمی دیکھیں گے۔ 

فلم کے سین اور سیکوئنس کو دیکھ کر فلم بینوں کے پسینے چھوٹ جائیں گے۔ 

فلم کی پہلی جھلک ہالی ووڈ کی کسی فلم سے کم نہیں، فلم کی تیاری میں بھی بھر پور مہارت نظر آتی ہے اور یہ کسی بھی بین الاقوامی فلم کے معیار سے کم نہیں ہے۔ 

فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ فواد خان اور ماہرہ خان کی خوبصورت جوڑی اس فلم میں خوب رنگ جمائے گی۔ یاد رہے فواد خان اور ماہرہ خان ایک نجی ٹی وی کے سیریل ”ہم سفر 2011ء“ میں بھی ایک ساتھ اپنے فن کا جلوہ دکھا چکے ہیں جسے ناظرین میں بے حد پسند کیا گیا تھا اب دونوں اداکار اس فلم میں رومانوی کردار سے لوگوں کا دِل جیتنے کو تیار ہیں۔ 

فلم انڈسٹری کے سب سے مقبول اداکار فواد خان ”جیوفلمز“ کی مایاناز فلم ”خدا کے لیے، خوبصورت، ہومن جہاں، کپور اینڈ سنز، اے دِل ہے مشکل، جوانی پھر نہیں آنی ٹو اور پرے ہٹ لو “ میں بھی اپنی اداکاری کے جلوے دکھا چکے ہیں۔ دوسری طرف ”ماہرہ خان“ بھی جیوفلمز ”بول“،بن روئے، سپر اسٹار ، ہو من جہاں ، پرے ہٹ لو، ورنہ، 7 دِن محبت اِن ، ایکٹر اِن لاء، منٹو اور بالی ووڈ کی فلم ”رئیس“ میں بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان کے مدِ مقابل اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ 

پڑوسی ملک کے کئی فنکاروں نے فلم کے ٹریلرکو پسند کرتے ہوئے فواد خان اور ماہرہ خان کو ابھی سے مبارکباد دینا شروع کردی ہیں۔ بالی ووڈ کے نامور ہدایتکار انوراگ کیشپ نے اپنے ٹوئٹ میں فواد خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسا لگتا ہے ”مولا جٹ“ فواد خان کے روپ میں واپس آگیا ہے۔ 

فلم ”لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی پروڈیوسر عمارہ حکمت کا کہنا ہے کہ یہ فلم سولہویں صدی کے پنجاب کے پس منظر میں لکھی گئی ہے جو پاکستانی سنیماؤں کے ساتھ فلم انڈسٹری میں بھی نئی جدت لائے گی۔ 

فلم کی پہلی جھلک دیکھنے والے اسے بالی ووڈ کی کوئی فلم قرار دے رہے ہیں ، اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ماڈرن ”مولا جٹ“ یقینا فلم بینوں سے بے پناہ داد سمیٹیں گے۔ 

فلم کے بزنس سے متعلق کہا جارہا ہے کہ یہ پاکستانی تاریخ کی بڑی فلم ہے جس میں فوٹو گرافی، سنیما ٹو گرافی، ساؤنڈ افیکٹس کیلئے انتہائی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اور سب سے بڑھ کر اداکاروں کی پرفارمنس نے تو کمال ہی کردیا ہے۔ 

پاکستان کی مہنگی ترین فلموں میں سے ایک ”لیجنڈ آف مولا جٹ“ کا اب شائقین کو بے تابی سے انتظار ہے۔

تازہ ترین