کوٹری(نامہ نگار)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی بدانتظامی اور کرپشن نے سندھ کو تباہ کردیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگا یا جا سکتا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کاروائی بھی وفاقی حکومت کو کرنا پڑرہی ہے۔ یہ بات انہوں نے کوٹری میں سندھ اسلامک پارٹی کوسندھ یونائٹیڈ پارٹی میں ضم کرنے سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر سندھ اسلامک پارٹی کے چیئرمین قاری وزیر مجاہدی کے علاوہ ایس یو پی کے مرکزی جنرل سیکریٹری روشن برڑواور خدا بخش خاصخیلی کے علاوہ دونوں پارٹیوں کے علاقائی کارکن بھی موجود تھے۔ سید جلال محمو د شاہ نے کہا کہ ہمارا مقصد مختلف نظریات کے حامل افراد کو یکجا کرکے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا ہیں ۔ انہوں نے سندھ اسلامک پارٹی کے چیئرمین قاری وزیر مجاہدی کی عوام کے لیے کی گئی جدوجہد کی تعریف کی۔