• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالغ افراد کے لیے پرتعیش جہاز ’اسکارلیٹ لیڈی‘ متعارف

لندن (جنگ نیوز) بحری جہاز بنانے والی برطانیہ کی ملٹی نیشنل کمپنی ’ورجن وویگس‘ نے دنیا کا پرتعیش ترین بحری جہاز ’’اسکارلیٹ لیڈی ‘‘ متعارف کرادیا ہے، اسکارلیٹ لیڈی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں صرف اور صرف بالغ افراد کو سفر کی اجازت ہوگی اور اس میں کوئی بھی کم عمر شخص سفر نہیں کر سکے گا، تاہم بالغ افراد کے لیے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی، اس جہاز دنیا کے خوش نصیب لوگ رواں برس اپریل میں پہلا سفر کر سکیں گے۔’اسکارٹ لیڈی ‘ نامی اس تیرتے محل کی چوڑائی 38 میٹر جب کہ اونچائی 278 میٹر ہے۔اس محل میں پرتعیش کمرے، باتھ رومز اور نہانے کے لیے ایسے کمرے بھی موجود ہیں، جہاں سے سمندر کو دیکھا جاسکتا ہے۔’اسکارلیٹ لیڈی‘ میں موجود 1430 کمروں یا کیبنز میں سے مہنگے سے مہنگے کمرے کا کرایہ 19 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 30 لاکھ روپے ہوگا۔اسی طرح محل نما اس جہاز کے سستے سے سستے کمرے کا کرایہ 1600 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈھائی لاکھ روپے ہوگا۔جہاز کے مالک برطانوی ارب پتی رچرڈ برانسن نے ’اسکارلیٹ لیڈی‘ کو ایک ایسے وقت میں متعارف کرایا ہے جب کہ دنیا بھر میں بحری جہازوں سمیت فضائی جہازوں پر بھی ’کورونا وائرس‘ کے پھیلنے کا خدشہ ہے اور لوگ مذکورہ وائرس کے ڈر کی وجہ سے سفر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔’اسکارلیٹ لیڈی‘ کو نہ صرف پرتعیش جہاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ اسے سمندر میں تیرتا ہوا خوابوں کا محل بھی قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق اسکارلیٹ لیڈی کا ڈیزائن اس طرح رکھا گیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان سیاح شوقین اس میں سفر کر سکیں۔کمپنی کا بھی یہی ٹارگیٹ ہے کہ ’اسکارلیٹ لیڈی‘ میں زیادہ سے زیادہ نوجوان بالغان سفر کریں اور اس میں سفر کے لیے بکنگ کا آغاز جلد ہی کردیا جائے گا جب کہ رواں برس اپریل میں یہ تیرتا ہوا خوابوں جیسا محل اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔اسکارلیٹ لیڈی امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے اپنے سفر کا آغاز کرے گا اور یہ بحری جہاز 7 ہزار جزائر پر مشتمل علاقے کیریبین تک جائے گا اور جہاز اپنی منزل 5 دن کے اندر طے کرے گا۔ایک لاکھ 10 ہزار ٹن وزنی اس بحری جہاز کی 15 منزلیں ہیں، جب کہ اس میں 1430 کیبنز یا کمرے بنائے گئے ہیں۔خوبصورت اسکارلیٹ لیڈی میں 78 پرتعیش اور دیدہ زیب ہالز بھی موجود ہیں، جہاں مسافر زندگی کے خوبصورت لمحات کو سکون سے گزار سکیں گے۔جدید ترین اور ذائقے کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے ہوٹلز اور کھانوں سے سجے اس بحری محل میں بیک وقت 2770 مسافر سفر کرسکیں گے۔جہاں اس بحری جہاز میں تین ہزار کے قریب مسافر سوار ہوسکیں گے، وہیں ان کی خدمت کے لیے 1160 افراد پر مشتمل انتہائی قابل عملہ بھی موجود ہوگا۔
تازہ ترین