• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب تک 10 لاکھ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں،ساجد میر

لاہور (وقائع نگار خصوصی)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی مرکزی عاملہ اور ارکان کابینہ کا اجلاس مرکزی سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی صدارت میں مرکز 106 راوی روڈ میں ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی شوری کا انتخابی اجلاس 8مارچ کو ہو گا۔ جس میں مرکزی عہدیداروں امیر، مرکزی ناظم اعلیٰ اور مرکزی ناظم مالیات کا چنائو ہو گا۔ 600 ارکان شوری اجلاس میں شریک ہوں گے۔ علامہ ساجد میر نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمن کی ’’تحریک تحفظ آئین پاکستان‘‘ کے تحت جلسوں میں بھرپور شرکت کریں گے۔ اس لیے کہ حکومت سیاسی سماجی معاشی داخلی اورخارجی معاملات سمیت دیگر امورکے حوالے سے مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ کارخانے بند اور لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں جبکہ مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے اوپر جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت جام ہے، گاہک نظر نہیں آ رہا جبکہ روپے کی قدر میں کمی سے برآمدات منفی ایک فیصد کمی ہو گئیں۔ایک سال میں بیرونی سرمایہ کاری میں 50فیصد کمی ہو چکی ہے۔ کارخانے بند اور تمام سیکٹرز میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے اوپر جا چکی ہے۔ اب تک 10 لاکھ لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں۔آج ملک میں مہنگائی کاراج ہے ۔ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ عام آدمی بجلی کے بلوں اور مہنگائی کی چکی میں پس چکی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کرسکی۔ آج لوگ حالات سے تنگ ہو کر خودکشیاں کررہے ہیں۔ اجلاس میں مرکزی ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ، حافظ ابتسام الٰہی ظہیر، حاجی عبدالرزاق ،علامہ شفیق خاں پسروری ، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، مولانا عبدالرشید حجازی ،حافظ عبدالستار حامد ،ڈاکٹر حماد لکھوی‘ مولانا عتیق الرحمن شاہ‘ مولانا عبدالباسط شیخوپوری‘ مولانا یٰسین ظفر‘ مولانا ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی‘ حافظ معتصم الٰہی ظہیر‘ حافظ بابر فاروق رحیمی‘ پروفیسر حافظ سعید کلیروی‘ پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی‘ مولانا صادق عتیق‘ حافظ عبدالحمید عامر‘ مولانا محمد نعیم بٹ‘ حافظ دانیال شہاب‘ حافظ یونس آزاد‘ مولانا عبدالرحمن ثاقب‘ مولانا حسن سموں‘ مولانا صدیق بالا کوٹی سمیت ملک بھر سے ارکان عاملہ وکابینہ نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد میر نے کہا کہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مسلسل بھارتی ریاستی دہشت گردی اور سرچ آپریشن کے نام پر بستیوں کی بستیوں کو بے گھر کرتے ہوئے مال و اسباب کی لوٹ مار و قتل و غارت گری بالخصوص نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی حکمت عملی کی شدید مذمت کی گئی۔ تحریک المجاہدین کے رہنما عبدالغنی ڈار کی شہادت کی بھی پرزور مذمت کی گئی ۔
تازہ ترین