کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اداکارہ سونیا حسین کے متعلق کہا کہ وہ اتنی قابل نہیں کہ ان کے لکھے ہوئے کردار ادا کرسکے۔ قبل ازیں سونیا حسین کا کہنا تھا کہ انھیں خلیل الرحمن قمر کا ڈرامہ آفر ہوا تھا لیکن انھوں نے کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔خلیل الرحمان قمر کی پاکستانی اداکاروں پر تنقید کا یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی وہ شوبزستاروں سے متعلق متنازعہ بیانات دے چکے ہیں۔انہوں نے اداکارہ ایشا فیاض کو دو ٹکے کی عورت کہہ کر پکارا تھا، صرف یہی نہیں بلکہ وہ صبا حمید، محمود اسلم اور عروہ حسین پر بھی تنقید کر چکے ہیں۔خلیل الرحمن قمر اداکارہ ایشل فیاض کو ’دو ٹکے کی عورت‘ کہہ کر پکارا تھا اور کہا تھا کہ میرا تعلق اس قسم کی عورتوں سے نہ جوڑا جائے۔معروف ڈرامہ نگار کی جانب سے اداکارہ کے لیے ایسے الفاظ پرسوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ بعد ازاں خلیل الرحمان نے کہا کہ میں نے ایشل کے لیے ایسے الفاظ کا استعمال نہیں کیا۔ ایشل بہت محنتی اور قابل احترام لڑکی ہے، میرے الفاظ کا چناؤ ایسا نہیں ہے بلکہ یہ اس رپورٹر کی غلطی ہے جس نے ایسے الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر عورتوں سے متعلق اپنے بیانات پر پاکستان کے سینئراداکاروں سے معافی بھی مانگ چکے ہیں لیکن اس کے باوجودان کی جانب سے ادکاروں سے متعلق متنازع بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔متنازع بیانات کی وجہ سے وہ شوبزحلقوں میں تنقید کی زد میں بھی رہے۔ ادارکارہ عفت عمر تو خلیل الرحمان قمر پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کرچکی ہیں۔