• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PMDC بحالی کیخلاف اپیل صدارتی آرڈیننس کیخلاف درخواست کیساتھ منسلک

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کی پی ایم ڈی سی کی بحالی کیخلاف اپیل محسن شاہنواز رانجھا کی آٹھ صدارتی آرڈیننسز کیخلاف درخواست کے ساتھ منسلک کر دی ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ 12 مارچ کو انٹرا کورٹ اپیل اور صدارتی آرڈیننس کے خلاف درخواست کی سماعت ہوگی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے پیر کو وفاقی حکومت کی پی ایم ڈی سی بحالی کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ پی ایم ڈی سی بحالی کے لئے چھ درخواستیں دائر کی گئی تھیں ، سنگل بنچ نے تمام درخواستیں منظور کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی کو بحال کیا۔ آٹھ صدارتی آرڈیننسز کا کیس بھی اسی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ محسن شاہ نواز رانجھا کی درخواست اور اس اپیل کو ایک ساتھ سن لیں۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرلی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نے ریمارکس دئیے کہ دیکھنا ہو گا کہ سنگل بنچ کے فیصلے میں وجوہات کیا ہیں ، وہ اچھا اور تفصیلی فیصلہ ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے پی ایم سی آرڈیننس 2019ءکو کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ایم ڈی سی کو بحال کر دیا تھا جس کے خلاف وفاق نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی ہے۔

تازہ ترین