• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑدی، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑدی ہے، آٹا، بجلی، گیس سمیت دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام شدید ذہنی جسمانی اذیت کا شکار ہیں، گھروں میں چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں، بھوک و افلاس کی وجہ سے خود کشی کے واقعات رونما ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پر ظالمانہ ٹیکس لگارہی ہے، بجلی گیس اور تیل کی قیمتیں آئی ایم ایف کے حکم پر بڑھائی جاتی ہیں، تبدیلی سرکار کے آنے کے بعد سود میں سو فیصد اضافہ ہوچکا ہے،نااہل حکمران پہلے گندم اور چینی برآمد کرکے عوام کو نقصان پہنچاتے رہے اور پھر درآمد کرکے عوام پر بوجھ ڈالا گیا، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ماہر ین معاشیات کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سالوں میں پیٹرولیم مصنوعات، خوردنی تیل، گیہوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا، پی ٹی آئی دورِ حکومت میں بڑھ کر 14.6فیصد تک پہنچ چکا ہے، حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں تو مسلسل ہوشربا اضافے کیے جارہے ہیں لیکن عوام کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہاجس کی وجہ سے ان کی قوت خرید مسلسل کم ہوتی جارہی ہے، موجودہ حکومت جو تبدیلی کے دعوے کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے، وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر وفاقی وزیر خزانہ اور حکومت کے مالیاتی مشیروں سے مل کر مہنگائی جیسے سنگین مسئلے کا کوئی حل تلاش کریں، ملک بھر میں مہنگائی کے خاتمے کے لیے قابل عمل میکنزم بنائیں تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔
تازہ ترین