• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے پاکستان سے وابستہ عوام کی امیدیں دم توڑ گئیں‘جمعیت ن

کوئٹہ (آن لائن) جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارشاہ چشتی نے کہاہے کہ ظالمانہ ٹیکسوں، دن بدن بڑھتی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا۔بجلی مہنگی،گیس مہنگی،آٹا مہنگا ،روٹی مہنگی کے ساتھ کاروبار نہ ہونے کے برابررہ گیا۔رہی سہی کسرکوروناوائرس کی شکل میں پوری ہوگئی۔ پہلے تمام ممالک نے چین کیساتھ سرحدیں بند کیں اب پاکستان نے ایرانی سرحد بھی بند کردی۔ انہوں نے کہاکہ جو حکمران برسراقتدار آتے ہیں ملک کو بے دردی سے لوٹ رہے ہیں۔ آئے روز مہنگائی اور ٹیکسز سے عوام کے اوسان خطا ہوگئے۔ جو بھی خزانہ سنبھالتا ہے، مہنگائی اور ٹیکسوں کا کوڑا پکڑ کر آتا ہے اورعوام پر برسانا شروع کر دیتا ہے۔آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول کے لئے پہلے بھی بجلی اورگیس کی قیمتیں بڑھائی گئیںاب لاکھوں اور ہزاروں کے بل بھیج کر عوام کااستحصال کیا جارہا ہے جو آئی ایم ایف کی ظالمانہ پالیسیوں کاحصہ ہے،انہوں نے کہا کہ مدینہ طرز کی ریاست اور نئے پاکستان سے قوم کی امیدیں وابستہ تھیں لیکن عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا ایک نہ تھمنے والاطوفان آچکاہے ،حکومت معاشی اصلاحات کی بہتری میں بری طرح ناکام نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسز کے خاتمے کیلئے اقدامات کرتے ہوئے عوام کو فوری ریلیف پہنچائے۔
تازہ ترین